اسلام آباد یونائیٹڈ نے کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کو ہراکر پلے آف میں جگہ پکی کرلی

محمد نواز، نجیب اللہ زدران اور عمر اکمل کی ذمے دارانہ اننگز کی بدولت کوئٹہ نے 179 رنز بنائے، اسلام آباد کولن منرو کی نصف سنچری کی بدولت 180رنز کا ہدف 3 گیندوں قبل حاصل کرلیا, 3 وکٹیں لینے والے فضل حق فاروقی بہترین کھلاڑی قرار

راولپنڈی کرکٹ گراؤنڈ میں کھیلے گئے میچ میں اسلام آباد یونائیٹڈ نے ٹاس جیت کرفیلڈنگ کا فیصلہ کیا۔

یہ بھی پڑھیےپی ایس ایل 8 کے 21 ویں میچ میں اسلام آباد یونائیٹڈ نے کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کو2وکٹوں سے  شکست دیکر پلے آف مرحلے میں رسائی حاصل کرلی۔

لاہور قلندرز پی ایس ایل کے پلے آف مرحلے کیلئے کوالیفائی کرنے والی پہلی ٹیم بن گئی

آسٹریلوی اوپنر ڈیوڈ وارنر پی ایس ایل کھیلنے کے بے تاب و بے قرار ہوگئے

کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کی اننگز کا آغاز مایوس کن رہا۔ول سمیڈ بغیر کوئی رن بنائے آؤٹ ہو گئے، یاسر خان بھی 5 رن کے مہمان ثابت ہوئے جبکہ کپتان سرفراز احمد کو مبصر خان نے باؤنڈری پر شاندار کیچ پکڑ کر پویلین کی راہ دکھائی۔

افتخار احمد بھی صرف 2 رنز بنا کر آؤٹ ہو گئے یوں   17 کے مجموعے پر چار وکٹیں گرگئیں جس کے بعد محمد نواز اور نجیب اللہ زادران نے کوئٹہ کی بیٹنگ لائن کو سنبھالا اور   104 رنز کی شراکت قائم کی جس کے بعد  محمد نواز 52 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے۔

نجیب اللہ زادران بھی 59 رنز کی اچھی اننگز کھیل کر آؤٹ ہوئے لیکن عمر اکمل نے آتے ہی چھکوں کی برسات کردی اور صرف 14 گیندوں پر 5 چھکوں اور 2 چوکوں کی مدد سے 43 رنز اسکور کر کے اپنی ٹیم کا اسکور 179 رنز تک پہنچا دیا۔

اسلام آباد کی جانب سے فضل حق فاروقی نے 3، فہیم اشرف نے دو اور رومان رئیس نے ایک کھلاڑی کو آؤٹ کیا۔

180رنز کے  ہدف کے تعاقب میں اسلام آباد کا آغاز بھی اچھا نہ رہا اور پہلی ہی گیند پر رحمان اللہ گرباز ایل بی ڈبلیو ہو گئے لیکن کولن منرو نے   29 گیندوں پر 63 رنز کی جارحانہ  اننگز کھیلی۔

ایک موقع پر اسلام آباد کے 6 کھلاڑی 111 ر نز پر پویلین لوٹ چکے تھے لیکن اس کے بعد اعظم خان اور فہیم اشرف نے ایک بار پھر ذمہ دارانہ بیٹنگ کرتے ہوئے ٹیم کا اسکور آگے بڑھایا تاہم 169 کے مجموعے پر اعظم خان 35 رنز بنا کر کیچ آؤٹ ہو گئے لیکن فہیم اشرف نےاسلام آباد کی ناؤ  3 گیندوں پہلے ہی پار لگادی  اور وہ 39 رنز بنا کر ناقابل شکست رہے۔

اسلام آباد یونائیٹڈ کے 3 وکٹیں لینے والے فضل فاروق میچ کے بہترین کھلاڑی قرار  پائے۔

 یوں اسلام آباد یونائیٹڈ ٹورنامنٹ میں 7 میں سے5 میچز جیتنے کے بعد پلے آف مرحلے میں جگہ پکی کرنے میں کامیاب ہوگئی۔7 میں سے 6 میچز میں شکست کےبعد کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کی پلے آف مرحلے میں رسائی اگر مگر کی صورتحال سے دوچار ہوگئی ہے۔

متعلقہ تحاریر