کاروباری ہفتے کا خوشگوار آغاز؛ اسٹاک میں مثبت رجحان، ڈالر اور سونا سستا
پاکستان اسٹاک ایکسچینج کا 100 انڈیکس 97 پوائنٹس اضافے سے 41 ہزار 434 پر سطح پر پہنچ گیا جبکہ انٹر بینک اور اوپن مارکیٹ میں روپے کے مقابلے میں ڈالر سستا ہوا جبکہ صرافہ بازار میں فی تولہ سونا 2 لاکھ روپے سے نیچے آگیا ہے

ہفتہ وار تعطیلات کے بعد پاکستان اسٹاک ایکسچینج میں کاروباری ہفتے کے پہلے روز مثبت رجحان رہا جبکہ انٹر بینک کرنسی مارکیٹ میں ڈالر جبکہ صرافہ بازار میں سونے کے بھاؤ کم ہوئے ہیں۔
پاکستان اسٹاک ایکسچینج میں کاروباری ہفتے کے پہلے روز مثبت رجحان رہا جبکہ انٹر بینک میں روپے کے مقابلے میں ڈالرکی قدر میں کمی آئی جبکہ صرافہ بازار میں سونے کے بھاؤ بھی کم ہوگئے ۔
یہ بھی پڑھیے
چینی بینک نے پاکستان کیلئے1.3 بلین ڈالر کے قرضے کی منظوری دے دی، وزیر خزانہ کا دعویٰ
پاکستان اسٹاک ایکسچینج ( پی ایس ایکس ) کے 100 انڈیکس میں پیر کو تیزی کا رجحان دیکھا گیا ہے جس میں 97.33 پوائنٹس کا اضافہ ہوا جوکہ 0.24 فیصد کی مثبت تبدیلی ہے ۔
پی ایس ایکس کے 100 انڈیکس کا 97 پوائنٹس کے اضافے سے 41 ہزار 434 پر بندہوا۔ آج حصص بازار میں ورلڈ کال ٹیلی کام، ٹیلی کارڈز لمیٹڈ ، اور ٹی پی ایل ٹاپ ٹریڈنگ کمپنی رہی ۔

حصص بازار میں آج 334 کمپنیز کے حصص کے لین دین ہوا جس میں 206 کی قیمتوں میں اضافہ جبکہ 111 کی قیمتوں میں کمی آئی تاہم 17 کمپنیز کے حصص کی قیمتیں مستحکم رہیں۔
نئے کاروباری ہفتے کے پہلے روز انٹربینک اور اوپن کرنسی مارکیٹ میں پاکستانی روپے کے مقابلے میں امریکی ڈالر کی قیمت میں کمی ریکارڈکی گئی ۔انٹر بینک میں ایک ڈالر 54 پیسے سستا ہوا ۔
اسٹیٹ بینک پاکستان کے مطابق آج روپے کی قدر میں صفر اعشاریہ 19 فیصد بہتری آئی۔ انٹر بینک میں ایک ڈالر 54 پیسے کی کمی سے 277 روپے 92 پیسے کی سطح پر آگیا ہے ۔
Interbank closing #ExchangeRate for todayhttps://t.co/GKVH94C1Cq pic.twitter.com/wPytmPfx4m
— SBP (@StateBank_Pak) March 6, 2023
دوسری جانب اوپن مارکیٹ میں بھی روپے کی قدر میں اضافہ ہوا۔ فاریکس ایسوسی ایشن کے مطابق اوپن مارکیٹ میں ڈالر کی قیمت میں 3 روپے کی کمی سے 279 روپے پر آگئی ہے ۔
صرافہ بازار میں ایک تولہ سونے کی قیمت 2 لاکھ روپے سے نیچے آگئی ہے ۔ ڈالر کی قدر میں کمی کے اثرات صرافہ بازار پر بھی پڑے ہیں اور فی تولہ سونا 2 ہزار روپے سستا ہوگیا ہے ۔
جیولرز ایسوسی ایشن کے مطابق ایک تولہ سونا 2ہزار کی کمی سے1 لاکھ 98 ہزار جبکہ 10 گرام سونا 1715 روپے کی کمی کے بعد ایک لاکھ 69 ہزار 753 روپے کی سطح پر آگیا ہے ۔









