دنیا کی طویل ترین اجرک کی نمائش

سندھ کے ثقافتی دن پر 360 فٹ لمبی اور 15 فٹ چوڑی اجرک تیار کی گئی جسے دنیا کی طویل ترین اجرک کہا جارہا ہے۔

صوفیوں کی سرزمین کہلائے جانے والا صوبہ سندھ بلاشبہ ثقافتی ورثے سے بھی مالامال ہے اور اجرک اس کی ثقافت کا اہم ترین حصہ ہے۔ اسی بنا پر اسے سندھ اور اس کے عوام کی شناخت کہا جائے توغلط نہ ہوگا۔

اجرک سے محبت اور اس کی اہمیت کو اجاگر کرنے کے لیے سندھی ثقافت کے دن پر ایک منفرد اجرک تیار کی گئی۔ 360 فٹ لمبی اور 15 فٹ چوڑی اس اجرک کو دنیا کی طویل ترین اجرک کہا جارہا ہے۔

انوکھا ریکارڈ بنانے والی اس ثقافتی چادر کو سندھ کے مختلف شہروں میں نمائش کے لیے پیش کیا گیا۔ کشمور، سکھر، لاڑکانہ، نوابشاہ، خیرپور، میرپورخاص، بدین اور حیدرآباد میں نمائش کے بعد اسے شہرقائد لایا گیا۔ کراچی پریس کلب کے اطراف نوجوانوں کی بڑی تعداد نے اسے تھامے مارچ کیا۔

مقامی رپورٹر کے مطابق ‘ورلڈ ریکارڈ بنانے والی یہ اجرک ہالا میں 2 ماہ کے عرصے میں تیار کی گئی۔ اس کی تیاری میں 10 کاریگروں کی محنت شامل ہے۔ اس سے قبل گزشتہ سال عالمی ریکارڈ بنانے والی اجرک کی لمبائی 130 میٹر تھی۔

یہاں یہ بات قابل ذکر ہے کہ اجرک بنانے کا کام نہایت محنت طلب ہے۔ یہ رنگ برنگی چادر 16 مراحل سے گزرنے کے بعد اس شکل میں آتی ہے۔ روایتی طریقے سے بنائی جانے والی اجرک میں مختلف مصالحے استعمال ہوتے ہیں۔ جن میں گڑ، مصری، گوند، نیل، تیل، پھٹکری اور دیگر شامل ہیں۔

اجرک
DAWN NEWS

عام طور پر یہ سرخ اورسفید رنگ میں دستیاب ہوتی ہے۔ جبکہ اسے نیلے رنگ میں بھی بے حد پسند کیا جاتا ہے۔

یہ بھی پڑھیے

علی ظفر کا ‘الے’ ہٹ ہوگیا

نیلی اجرک

اجرک کا استعمال

اندرون سندھ یہ ثقافتی اوڑھنی مہمانوں کو بطور تحفہ بھی دی جاتی ہے۔ سندھ کے لوگ اسے خوشی اور غم ہر موقع پر زیب تن کرتے ہیں۔ خواتین اسے چادر کی طرح استعمال کرتی ہیں جبکہ مرد حضرات اس کی پگھڑی باندھتے ہیں اور کندھوں پر بھی رکھتے ہیں۔

اجرک ماسک

اب تو شہروں میں اس کی شرٹس، ٹوپیاں، کوٹیاں اورفیس ماسک بھی دستیاب ہیں۔

متعلقہ تحاریر