علی ظفر کا ‘الے’ ہٹ ہوگیا

علی ظفر اپنے سندھی گانے کے ذریعے پنجاب اور سندھ کے درمیان ایک راہ ہموار کرنے میں کامیاب ہوگئے۔

عالمی شہرت یافتہ پاکستانی گلوکار علی ظفر کا نیا گانا ‘الے منجھا ماروڑا’ کا ریمکس آیا اور چھا گیا۔ سندھی ثقافت کو اجاگر کرنے والا یہ گانا 26 نومبر کو ریلیز ہوا جو اب تک یوٹیوب پر ٹرینڈ کررہا ہے۔ گانے کی ویڈیو کو 40 لاکھ سے زائد مرتبہ دیکھا جاچکا ہے۔

سندھی گانے کی اس قدر پذیرائی پر علی ظفر نے خصوصی ویڈیو میں مداحوں کا شکریہ ادا کیا ہے۔ سوشل میڈیا پر اپلوڈ کی جانے والی ویڈیو میں گلوکار نے کہا کہ یہ گانا انہوں نے اپنے سندھی بہن بھائیوں کے لیے گایا۔ ‘الے منجھا ماروڑا’ کے ذریعے انہوں نے سندھی ثقافت کو دنیا کے سامنے روشناس کرانے کی کوشش کی۔

یہاں یہ بات قابل ذکر ہے کہ علی ظفر کا تعلق لاہور (یعنی پنجاب) سے ہے۔ معروف گلوکار نے اپنی تعلیم بھی لاہور کے نیشنل کالج آف آرٹس سے حاصل کی۔ اس حوالے سے علی ظفر نے بلاشبہ پنجاب اور سندھ کے درمیان ایک راہ ہموار کرنے کی کوشش کی اور وہ اس میں کامیاب بھی رہے۔ اس بات کا اندازہ یوں لگایا جاسکتا ہے کہ سندھی قوم پرستوں کی بڑی تعداد بھی گانے کو پسند کررہی ہے۔

یہ بھی پڑھیے

میوزک کا ایکسٹرا ڈوز علی ظفر اور سجاد علی کے گانے ایک ساتھ

قومی عوامی تحریک کے صدر ایاز لطیف پلیجو نے علی ظفر کی کاوش کو سراہا ہے۔ اس حوالے سے انہوں نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ پر ٹوئٹ بھی کیا۔

سندھی گانے کی کامیابی کے بعد شائقین علی ظفر سے مختلف زبانوں میں گانے کی فرمائش کررہے ہیں۔

واضح رہے کہ گانے میں علی ظفر کے علاوہ عروج فاطمہ اور عابد بروہی نے آواز کا جادو جگایا ہے۔ اجرک اور ثقافتی رقص کے ساتھ عابد بروہی کے ریپنگ کے تڑکے نے گانے کو سب سے ممتاز کردیا ہے۔

متعلقہ تحاریر