فورسز کی کامیاب ترین کارروائی، کالعدم بلوچ نیشنل آرمی کا بانی گلزار امام گرفتار
بلوچ نیشنل آرمی پاکستان میں درجنوں پرتشدد دہشتگرد حملوں کی ذمے دار ہے، گلزار امام 2018 تک بلوچ ریپبلکن آرمی میں براہمداغ بگٹی کا نائب بھی رہا، اس کی گرفتاری بی این اے اور دیگر عسکریت پسند گروپوں کے لیے بڑا دھچکا ہے، آئی ایس پی آر
سیکیورٹی فورسز نے بلوچستان میں کامیاب ترین انٹیلی جنس آپریشن میں کالعدم بلوچستان نینشل آرمی کے بانی اور انتہائی مطلوب دہشتگرد گلزار امام عرف شمبے کو گرفتار کرلیا۔
پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق سکیورٹی فورسز کے انٹیلی جنس آپریشن میں گرفتار گلزار امام عرف شمبے ہائی ویلیو ٹارگٹ تھا، گلزار امام عسکریت پسند کالعدم تنظیم بلوچ نیشنل آرمی کا بانی اور رہنما ہے۔
یہ بھی پڑھیے
مادر وطن کی سلامتی اور دفاع کے لیے پاک فوج پرعزم ہے، آرمی چیف
جنوبی وزیرستان میں فورسز کا آپریشن، 8دہشت گرد ہلاک، ایک جوان شہید
آئی ایس پی آر کے مطابق بلوچ ریپبلکن آرمی اور یونائیٹڈ بلوچ آرمی کے انضمام سے بلوچستان نیشنل آرمی (بی این اے) وجود میں آئی تھی، بلوچ نیشنل آرمی پنجگور اور نوشکی میں قانون نافذ کرنے والے اداروں پر حملوں میں ملوث ہے۔
آئی ایس پی آر کا بتانا ہےکہ بلوچ نیشنل آرمی پاکستان میں درجنوں پرتشدد دہشتگرد حملوں کی ذمے دار ہے، گلزار امام 2018 تک بلوچ ریپبلکن آرمی میں براہمداغ بگٹی کا نائب بھی رہا۔
آئی ایس پی آر کے مطابق گلزارامام بلوچ راجی آجوئی سانگرکی تشکیل میں بھی اہم کردار ادا کرتا رہا، وہ بلوچ راجی آجوئی سانگرکا آپریشنل سربراہ بھی رہا،گلزار امام کے افغانستان اور بھارت کے دورے بھی ریکارڈ پر ہیں۔
آئی ایس پی آر کا کہنا ہےکہ گلزارامام کو مکمل منصوبہ بندی کے ساتھ ایک کامیاب آپریشن کے بعد گرفتار کیا گیا، اس کی گرفتاری بی این اے اور دیگر عسکریت پسند گروپوں کے لیے بڑا دھچکا ہے، اس کے دشمن انٹیلیجنس ایجنسیوں کے ساتھ روابط کی چھان بین کی جارہی ہے۔









