بختاور بھٹو زرداری کا کراچی چڑیا گھر بند کرنے کا مطالبہ
چڑیا گھر کو سنبھالنا کراچی میونسپل کارپوریشن کے بس کی بات نہیں، بختاور بھٹو کا بیمار ہتھنی کی وڈیو پر تبصرہ، نورجہاں کی حالت بگڑ گئی، اگلے 3 دن اہم قرار

چیئرمین پیپلز پارٹی اور وزیرخارجہ بلاول بھٹو زرداری کی ہمشیرہ بختاور بھٹو زرداری نے جانوروں کی دیکھ بھال میں ناکامی کے باعث کراچی چڑیا گھر کو بند کرنے کا مطالبہ کر دیا۔
سوشل میڈیا پر ایک صارف کی جانب سے شیئر کی گئی وڈیو میں پچھلی ٹانگوں سے معذور ہتھنی نور جہاں کو چڑیا گھر کےپنجرے میں بنے تالاب سے پانی پینے کی کوشش کرتے ہوئے دیکھا جا سکتا ہے ۔
یہ بھی پڑھیے
جانوروں کی خوراک کے سپلائر کا سینئر ڈائریکٹر چڑیا گھر پر رشوت طلبی کا لزام
ماروی مظہر کا چڑیاگھر بند کرنیکا مطالبہ، ہتھنی کے غیرملکی معالجین کی آمد جلد متوقع
بختاور بھٹو زرداری نے اس وڈیو کو ری ٹوئٹ کرتے ہوئے لکھا کہ کراچی چڑیا گھر کو بند کر دینا چاہیے کیونکہ اسے سنبھالنا کراچی میونسپل کارپوریشن کے بس کی بات نہیں ہے۔
#KarachiZoo should be shut down because it is clearly beyond the capacity of KMC. https://t.co/F7rzm0ss8a
— Bakhtawar B-Zardari (@BakhtawarBZ) April 14, 2023
دوسری جانب نورجہاں کی حالت دن بدن تشویشناک ہوتی جارہی ہے۔ڈائریکٹر چڑیا گھر کنور ایوب کا کہنا ہے کہ اگلے 3 دن ہتھنی کی طبیعت کے حوالے سے اہم ہیں۔
چڑیا گھر انتظامیہ کا کہناہے کہ ڈاکٹرز ہتھنی کو وٹامن کی ڈرپ لگا رہے ہیں تاکہ ہتھنی دوبارہ اپنے پیروں پرکھڑی ہو،پچھلے کئی ماہ سے نورجہاں اپنے کمزور پیروں سے کھڑی تھی۔
یاد رہے کہ کراچی چڑیا گھر کی پناہ گاہ میں موجود ہتھنی جوڑوں کے درد کی وجہ سے پچھلی ٹانگوں پر وزن ڈالنے سے معذور ہو گئی تھی، ہتھنی کے علاج کے لیے بیرون ملک سے ڈاکٹروں کی خصوصی ٹیم کو کراچی بلایا گیا تھا۔









