عدالتی وقت ضائع کرنے پر پی ٹی آئی کے وکیل اظہر صدیق کو ایک لاکھ روپے جرمانہ
جسٹس طارق سلیم شیخ نے اپنے حکم میں کہا ہے کہ آپ نے عدالت کا وقت ضائع کیا جس بنا پر آپ کی درخواست جرمانے کے ساتھ مسترد کی جاتی ہے۔
عید کے دنوں میں لاہور میں عمران خان کی رہائش گاہ زمان پارک میں پولیس کے ممکنہ آپریشن کے خلاف بشریٰ بی بی کی درخواست ، لاہور ہائی کورٹ نے بشریٰ بی بی کے وکیل اظہر صدیق کو ایک لاکھ روپے جرمانے کا حکم دے دیا ہے۔
تفصیلات کے مطابق لاہور ہائی کورٹ کے جج جسٹس طارق سلیم شیخ نے ایڈووکیٹ اظہر صدیق کی جانب سے دائر کی گئی بشریٰ بی بی کی درخواست پر سماعت کی۔
یہ بھی پڑھیے
پنجاب انتخابات: پی ٹی آئی نے 297 امیدواروں میں ٹکٹس کی تقسیم کردی
ریاست مخالف پروپیگنڈا کے الزام میں مخدوم شہاب الدین کو ایف آئی اے کا نوٹس
بشریٰ بی بی کی جانب سے دائر کی گئی درخواست میں عیدالفطر کی تعطیلات کے دوران زمان پارک میں ممکنہ پولیس آپریشن کو چیلنج کیا گیا تھا۔
سماعت کے دوران جسٹس طارق سلیم شیخ کا کہنا تھا کہ آپ نے غیرضروری درخواست پیش کی ، لاہور ہائی کورٹ کا لارجز بینچ پہلے ہی اس حوالے سے نگراں حکومت کو حکم دے چکا ہے۔
جسٹس طارق سلیم شیخ نے ایڈووکیٹ اظہر صدیق کو مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ مجھے بتائیں کہ مفروضوں پر کیسے حکم دیا جاتا ہے؟ آپ کی درخواست جرمانے کے ساتھ مسترد کرتا ہوں۔ عدالتوں پر غیرضروری بوجھ نہ ڈالیں۔









