پنجاب انتخابات: پی ٹی آئی نے 297 امیدواروں میں ٹکٹس کی تقسیم کردی

سیاسی تجزیہ کاروں کا کہنا ہے کہ پی ٹی آئی نے پنجاب اسمبلی کی تمام 297 نشستوں پر پارٹی ٹکٹوں کی تقسیم کرکے یہ ثابت کردیا ہے کہ ان کی پارٹی انتخابات کے لیے کس قدر سنجیدہ ہے۔

پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے چیئرمین عمران خان نے 14 مئی 2023 کو ہونے والے پنجاب کے آئندہ عام انتخابات کے لیے پارٹی امیدواروں کو ٹکٹس جاری کر دیے ہیں۔ اس اقدام کو انتخابات میں پی ٹی آئی کے لیے بھاری اکثریت سے کامیابی حاصل کرنے کی کوششوں میں ایک اہم قدم قرار دیا جا رہا ہے۔

پاکستان تحریک انصاف کے رہنما اور سابق وفاقی وزیر فواد حسین چوہدری نے اپنے ٹوئٹر پر پیغام شیئر کرتے ہوئے لکھا ہےکہ "تمام امیدواروں کی فہرست گذشتہ رات پارٹی کی ویب سائٹ پر اپ لوڈ کردی گئی تھی۔”

یہ بھی پڑھیے

کوئی احمق ہی انتخابات اکتوبر سے آگے لے جانے کی بات کرسکتا ہے، آصف زرداری

ہم سب کو سپریم کورٹ کے لیے نکلنا ہوگا اور میں قیادت کروں گا، عمران خان

اپنے ٹوئٹر ہینڈل پر پیغام جاری کرتے ہوئے رہنما تحریک انصاف فواد حسین چوہدری نے لکھا ہے کہ ” پاکستان تحریک انصاف نے پنجاب اسمبلی کی تمام 297 نشستوں پر ٹکٹ جاری کر دئیے ہیں، اس کے ساتھ پنجاب کی چاروں ریجن میں اپیل کمیٹیاں بنا دی گئی ہیں۔”

انہوں نے مزید لکھا ہے کہ "جن میں ٹکٹ پر نظرثانی کیلئے اپیل دائر کی جا سکتی ہے، عمران خان تمام اپیلوں پر حتمی فیصلہ خود کریں گے۔”

سیاسی تجزیہ کاروں کا کہنا ہے کہ پاکستان اور خصوصی طور پر پنجاب میں انتخابات کے حوالے سے سوائے پاکستان تحریک انصاف کے دیگر تمام جماعتیں ٹکٹوں کی  تقسیم کے حوالے سے مخمصے کا شکار ہیں۔ پی ٹی آئی نے پنجاب اسمبلی کی تمام 297 نشستوں پر پارٹی ٹکٹوں کی تقسیم کرکے یہ ثابت کردیا ہے کہ ان کی پارٹی انتخابات کے لیے کس قدر سنجیدہ ہے۔ پی ٹی آئی کا یہ اقدام اس بات کی  واضح نشانی ہے کہ پی ٹی آئی انتخابات جیتنے کے حوالے سے کتنی پرعزم ہے ، اور مستقبل کے سیاسی منظر نامے کے لیے اپنی پوزیشن مضبوط کرلی ہے۔

تجزیہ کاروں کا کہنا ہے کہ پارٹی ٹکٹوں کی تقسیم کے ساتھ ساتھ پی ٹی آئی نے انتخابی عمل میں شفافیت اور منصفانہ عمل کو یقینی بنانے کے لیے بھی اقدامات کیے ہیں۔ پارٹی نے امیدواروں کے انتخاب سے متعلق کسی بھی خدشات کو دور کرنے کے لیے پنجاب کے چاروں علاقوں میں اپیل کمیٹیاں تشکیل دی ہیں۔ یہ کمیٹیاں لوگوں کو اپنے متعلقہ امیدواروں سے متعلق درخواستیں دائر کرنے کا پلیٹ فارم فراہم کریں گی۔

سیاسی تجزیہ کاروں کا مزید کہنا ہے کہ پنجاب کے الیکشن کو پاکستان کے سیاسی منظر نامے میں ایک فیصلہ کن واقعہ کے طور پر دیکھا جا رہا ہے کیونکہ یہ قومی اسمبلی کی نشستوں کے انتخابات میں کامیابی کی سمت بھی متعین کرے گا ، اس لیے تمام سیاسی جماعتوں کا فوکس یہ ہوتا ہے کہ کسی طرح سے پنجاب کا میدان مارلیا جائے۔

متعلقہ تحاریر