پاکستان نے ورلڈکپ سے قبل اہم سیریز جیت لی، کیویز کو تیسرے ون ڈے میں شکست

پاکستان نے کیویز کی دعوت پر پہلے کھیلتے ہوئے 6 وکٹوں پر 287رنز بنائے، امام الحق 90 رنز بناکر نمایاں رہے،ہنری کی 3 وکٹیں، نیوزی لینڈ کی ٹیم261رنز ہی بناسکی، شاہین، نسیم اور وسیم کی 2،2وکٹیں، پاکستان کے پاس پہلی بار ون ڈے رینکنگ میں پہلے نمبر پر آنے کا سنہری موقع

پاکستان نے کیویز کیخلاف 12 سال بعد ون ڈے سیریز جیت کر آئی سی سی ورلڈکپ سے قبل حریف ٹیموں کیلیے خطرے کی گھنٹی بجادی۔

بابر الیون نے تیسرے ون  ڈے میں کیویز کو 26 رز سے شکست دیکر 5میچز کی سیریز میں 0-3 کی فیصلہ کن برتری حاصل کرلی۔

یہ بھی پڑھیے

وسیم اکرم اور وقار یونس کو سڈنی اسٹیڈیم کی تاحیات اعزازی رکنیت تفویض

فخر زمان ون ڈے پلیئرز رینکنگ میں دوسرے نمبر آگئے، بابر اعظم کا راج برقرار

کراچی کے نیشنل بینک کرکٹ ایرینا میں کھیلے گئے تیسرے ون ڈے میں  نیوزی لینڈ نے ٹاس جیت کرپاکستان کو پہلے کھیلنے کی دعوت دی۔

بابرالیون  نے مقررہ50 اوورز میں 6 وکٹوں پر 287 رنز بنائے۔اوپنر امام الحق اور فخر زمان  پہلی وکٹ کی شراکت میں  37 رنزہی بناسکے جس کے بعد  فخر زمان 19 کے انفرادی اسکور پر آؤٹ ہوگئے ۔  بعدازاں کپتان بابر اعظم اورامام الحق نے شانداربلے بازی کرتے ہوئے  تیسری وکٹ کی شراکت میں 108 رنز جوڑے جس کےبعد بابراعظم  54 رنز بناکرپویلین لوٹ گئے ۔

عبداللہ شفیق 19 رنز بناکر آؤٹ ہوگئے جبکہ اوپنر امام الحق بدقسمت ثابت ہوئے اور 10رنز کی کمی سے سنچری اسکور نہ کرسکےاور 192 کے مجموعی اسکور پر 90رنز بناکر آؤٹ ہوگئے

آغاسلمان نے 31 اور محمد رضوان نے 32 رنز کی اننگز کھیلی جبکہ   شاداب خان 21 اور محمد نواز 11رنز بناکر ناٹ آؤٹ رہے ۔نیوزی لینڈ کی جانب سے ہنری نے 3 ، ایڈم ملنے نے دو وکٹیں حاصل کیں۔

288 رنز کے تعاقب میں نیوزی لینڈ کی ٹیم 49.1 اوورز میں 261 رنز پر ڈھیر ہوگئی۔ پاکستان کی جانب سے شاہین شاہ، نسیم شاہ اور وسیم جونیئر نے 2،2 وکٹیں حاصل کیں۔

پاکستان نے 2011  کے بعد نیوزی لینڈ کیخلاف ون ڈے سیریز میں شاندار کامیابی حاصل کرکے آئی سی سی ورلڈ  کپ میں حریف ٹیموں کیلیے خطرے کی گھنٹی بجادی ہے۔ پاکستان کو 5میچز کی سیریز میں 0-3 کی فیصلہ کن برتری حاصل ہوگئی ہے۔سیریز  کے بقیہ دو میچز   5 اور 7 مئی کو  کھیلے جائیں گے۔

نیوزی لینڈ کیخلاف عمدہ کاکردگی کی بدولت پاکستان ٹیم کے پاس پہلی مرتبہ آئی سی سی ون ڈے رینکنگ میں پہلے نمبر پر براجمان ہونے کا سنہری موقع ہاتھ آگیا۔سیریز کے بقیہ 2 میچز میں کامیابی حاصل کرنے پر ون ڈے رینکنگ میں چوتھے نمبر پرموجود پاکستان انگلینڈ،بھارت اور آسٹریلیا کو پچھاڑ کر پہلے نمبر پر براجمان ہوجائے گا۔

متعلقہ تحاریر