رہنما تحریک انصاف اسد عمر کو اسلام آباد ہائی کورٹ کے احاطے سے گرفتار کرلیا

اینٹی ٹیررسٹ اسکواڈ پی ٹی آئی کے جنرل سیکریٹری کو وکلاء مزاحمت کے باوجود گرفتار کرکے لے گیا۔

اینٹی ٹیررسٹ اسکواڈ نے پاکستان تحریک انصاف کے رہنما اور سیکریٹری جنرل اسد عمر کو اسلام آباد سے گرفتار کرلیا ہے۔

تفصیلات کے مطابق ایک اور اہم گرفتاری عمل میں آئی ہے، پاکستان تحریک انصاف کے سینئر رہنما اسد عمر کو گرفتار کرلیا گیا ہے۔ اسد عمر کو اسلام آباد ہائی کورٹ کے احاطے سے گرفتار کیا گیا ہے۔

یہ بھی پڑھیے 

تحریک انصاف نگراں وزیراعلیٰ کےپی اور پنجاب کے خلاف آرٹیکل 6 کے تحت مقدمہ کرے گی، فواد چوہدری

جاوید لطیف کو آج بھی غیبی قوتوں کی حمایت عمران خان کے ساتھ دکھائی دینے لگی

پاکستان تحریک انصاف کے وائس چیئرمین شاہ محمود قریشی ، سیکریٹری جنرل اسد عمر اور دیگر پارٹی رہنما اسلام آباد ہائی کورٹ میں اس حوالے سے درخواست جمع کرانے آئے تھے کہ ان کی ملاقات عمران خان سے کرائی جائے۔

پاکستان تحریک انصاف کے رہنما اور وکیل بابر اعوان نے اسد عمر کی گرفتاری پر ردعمل دیتے ہوئے کہا ہے کہ اسد عمر کی  تمام مقدمات میں پہلے سے ضمانت منظور ہوچکی تھی ان کی گرفتاری سراسر توہین عدالت کے زمرے میں آتی ہے۔

میڈیا رپورٹس کے مطابق اسد عمر کی  گرفتاری کے بعد اسلام آباد ہائی کورٹ کے احاطے میں موجود تمام پی ٹی آئی رہنما صدر اسلام آباد ہائی کورٹ بار ایسوسی ایشن کے کمرے میں آگئے۔

اسد عمر کی گرفتاری کے بعد رہنما تحریک انصاف شاہ محمود قریشی ، سیف اللہ نیازی ، سی ایم  گلگت بلتستان ، ملائیکہ بخاری اور فیصل چوہدری ایڈووکیٹ بھی اسلام آباد ہائی کورٹ بار ایسوسی ایشن کے کمرے میں آگئے۔

اسد عمر کی گرفتاری کے وقت وکلاء کی جانب سے مزاحمت کی گئی تاہم اینٹی ٹیررسٹ اسکواڈ کی بھاری نفری اسد عمر کو زبردستی گاڑی میں بٹھا کر لے گئی۔

متعلقہ تحاریر