ملک فتنے کی لپیٹ میں ہے اسے پاکستان کو تباہ کرنے کے لیے لانچ کیا گیا، مریم نواز
پاکستان مسلم لیگ ن کی سینئر نائب صدر کا کہنا ہے کہ یہ ملک مذہب سے محبت کرنے والوں کا ملک ہے ، عمران خان نے سیاسی فائدے کے لیے مذہب کا استعمال کیا۔
پاکستان مسلم لیگ (ن) کی سینئر نائب صدر اور چیف آرگنائزر مریم نواز نے کہا ہے کہ ہمارا معاشرہ تقسیم اور تنزلی کا شکار ہے ، ہمارے معاشرے میں علماء کو بڑی اہمیت دی جاتی ہے ، آج مجھے بطور پاکستانی تمام پاکستانی علمائے کرام کی مدد کی ضرورت ہے۔
ان خیالات کا اظہار سابق وزیراعظم نواز شریف کی صاحبزادی مریم نواز نے لاہور میں علماء مشائخ کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ ن لیگ کی چیف آرگنائزر کا کہنا تھا کہ ملک اس وقت ایک فتنے کے گھیرے میں ہے، اس فتنے نے ملکی سالمیت ، معاشرے اور مذہبی اقتدار کو تباہ کرکے رکھ دیا ہے۔ این اے 120 کی مہم کے دوران ہم پر حملے ہوا کرتے تھے۔ یاسمین راشد نے اس نعرے کا بھرپور استعمال کیا۔ جب ہم پر الزامات لگائے تو نواز شریف پر ایک تقریب کے دوران جوتا پھینکا گیا۔ احسن اقبال کو گولی ماری گئی شکر ہے وہ بچ گئے۔
یہ بھی پڑھیے
عمران خان نے صحافی عمران ریاض سے متعلق خطرناک خبر دے دی
ضمانت کے باوجود کسی بھی وقت گرفتار کیا جا سکتا ہوں، عمران خان
عمران خان پر تنقید کرتے ہوئے مریم نواز کا کہنا تھا کہ پاکستان کے خلاف سازش اور فتنے کا نام عمران خان ہے ۔ عمران خان نے اپنی سیاست کے لیے مذہب کا استعمال کیا۔ مذہب کو سیاست کے لیے استعمال کرنا جرم ہے۔ دشمن ممالک سے عمران خان کو فارن فنڈنگ ہوئی۔ فتنے کو بڑھانے کے لیے فارن فنڈنگ کا سہارا لیا گیا۔
ان کا کہنا تھا عمران خان کی جڑیں مضبوط کرنے کےلیے سہولت کاری کی گئی ، فارن فنڈنگ سے اس فتنے کی جڑین مضبوط کی گئیں۔
مریم نواز نے کہا کہ آج تک کسی سیاسی جماعت نے وہ نہیں کیا جو پی ٹی آئی نے 9 مئی کو کیا، کسی سیاسی جماعت کے کارکن نے کبھی فوجی تنصیبات پر حملہ نہیں کیا۔ سابق وزیراعظم نواز شریف نے فوج سے کہا تھا کہ لاڈلے کو جہاں سے لائے ہیں وہیں لے جائیں۔ اگر عمران خان کو پرانے مقدمات میں سزا ہو جاتی تو آج 9 مئی کا واقعہ نہ ہوتا۔
مریم نواز نے کہا کہ ریمانڈ کے دوران کسی کی ضمانت نہیں ہوتی، دنیا میں ایسا نہیں ہوتا، سپریم کورٹ نے ریمانڈ کے باوجود عمران خان کو ضمانت دی۔
انہوں نے کہا کہ فوجی عدالتوں پر اعتراض کیا جا رہا ہے لیکن دیکھیں سول عدالتیں کیا کر رہی ہیں؟ آئینی معاملے پر حکم امتناع دے دیتے ہیں تاکہ قانونی کارروائی آگے نہ بڑھ سکے، اب کس پر بھروسہ کیا جائے؟ یہاں ساس اور لاڈلے کا قانون چل رہا ہے، جج کہتے ہیں کہ ہمارے حکم پر عمل نہیں ہو رہا تو دیکھو کیا حکم دے رہے ہو؟ مسلم لیگ ن نے ججوں کی آزادی کے لیے تحریک شروع کر رکھی ہے۔
مریم نواز نے انکشاف کیا کہ جسٹس آصف سعید کھوسہ نے نواز شریف پر بطور چیف جسٹس مدت ملازمت بڑھانے کے لیے دباؤ ڈالا، ان کا بھی وقت آئے گا جو کہیں چھپے ہوئے ہیں، جسٹس کھوسہ نے نواز شریف کو جیل میں پیغام کیوں دیا؟ کھوسہ کو توسیع دینے کے لیے بھیجا لیکن نواز شریف نے کہا کہ اپنا کاغذ پکڑو اور یہاں سے نکل جاؤ۔
مسلم لیگ (ن) کے نائب صدر نے کہا کہ عمر عطا بندیال نے ماضی سے سبق نہیں سیکھا، آصف سعید کھوسہ ایک دن قانون کی گرفت میں آئیں گے، ڈیم بابا ثاقب نثار کا کیا ہے، وہ خود کسی کی شکل دکھانے کے قابل نہیں رہے۔ ان کا بیٹا بھی پی ٹی آئی کی ٹکٹیں بلیک کرتے ہوئے پکڑا گیا، یہ لوگ قدرت کے انتقام کا نشانہ بن چکے ہیں اور اب عمر عطا بندیال بھی اسی راستے پر چل رہے ہیں۔









