اسپس ایکس کے ذریعے سعودی خلائی مشن عالمی خلائی اسٹیشن روانہ
خلائی مشن میں شریک سعودی عرب کی خلا باز ریانا برناوی انٹرنیشنل اسپیس اسٹیشن کا سفر کرنے والی پہلی عرب خاتون بن گئیں۔
ایلون مسک کی کمپنی اسپیس ایکس کے ذریعے سعودی خلائی مشن بین الاقوامی خلائی اسٹیشن پر روانہ ہو گیا، مشن فلوریڈامیں ناسا کے کینیڈی اسپیس سینٹر سے روانہ ہوا۔
اس مشن میں شریک سعودی عرب سے تعلق رکھنے والی خلا باز ریانا برناوی انٹرنیشنل اسپیس اسٹیشن (آئی ایس ایس) کا سفر کرنے والی پہلی عرب خاتون بن گئیں۔
یہ بھی پڑھیے
اسپیس ایکس نے چار درجن سے زائد اسٹارلنک سیٹلائٹ لانچ کردیے
اسپیس ایکس ایک شہری کو قرعہ اندازی کے ذریعے خلاء میں لے جائے گا
امریکا سے تعلق رکھنے والی ایک کمپنی ایکسیوم اسپیس کی جانب سعودی عرب کا مشن آئی ایس ایس کے لیے روانہ کیا گیا جو مجموعی طور پر 4 افراد پر مشتمل ہے۔
سعودی عرب سے تعلق رکھنے والی ریانا برناوی کے ساتھ علی القرنی، پیگی وٹسن اور جان شوفنر اس مشن کا حصہ ہیں۔اس مشن کے ساتھ محقق ریانا برناوی خلائی سفر کرنے والی پہلی عرب خاتون بن گئی ہیں، نجی خلائی مشن بین الاقوامی خلائی اسٹیشن پرایک ہفتہ گزارےگا۔
عرب میڈیا کا کہنا ہے کہ اس مشن کا مقصد انسانی خلائی پرواز میں سعودی عرب کی صلاحیتوں کو بڑھانا،انسانیت کی خدمت اور خلائی صنعت کی طرف سے پیش کردہ امید افزا مواقع سے فائدہ اٹھانے کے ساتھ صحت اور خلائی ٹیکنالوجی جیسے کئی پہلوؤں میں سائنسی تحقیق میں تعاون کرنا ہے۔
سعودی پریس ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق ریانا برناوی اور علی القرنی کے علاوہ 2 اور خلابازوں مریم فردوس اور علی الغامدی کو بھی مستقبل کے خلائی مشن کے لیے سعودی اسپیس فلائٹ پروگرام کے تحت تربیت دی جا رہی ہے۔