سیپکو ملازم کا اغوا: آل پاکستان واپڈا ہائیڈرو یونین کی بجلی بند کرنے کی دھمکی
سیپکو ملازم جمیل احمد برڑو کو چند روز قبل گرڈ اسٹیشن کرم پور سے دوران ڈیوٹی اغواء کیا گیا تھا۔
سکھر: آل پاکستان واپڈا ہائیڈرو الیکڑک ورکرز یونین سکھر کے زیر اہتمام سیپکو کے مغوی ملازم جمیل احمد برڑو کی عدم بازیابی کے خلاف احتجاجی جلسہ اور سکھر پریس کلب تک احتجاجی ریلی کا انعقاد کیا گیا۔
ریلی کی قیادت ریجنل جنرل سیکریٹری شجاعت علی گھمرو ،ریجنل وائیس چئیرمین سید زاہد حسین شاہ ،ڈاڈا دیدار حسین ،اشفاق احمد مہر ،خلیل احمد ڈومکی،عبدالخالق ساوند،جاوید عباسی ،عبدالرؤف دایو ،ہدایات اللہ کورائی،ندیم کورائی،عبدالشکور بھٹی،نزر محمد میمن،عقیل احمد منگی و دیگر کررہے تھے۔
یہ بھی پڑھیے
عدالتی حکم کے باوجود قمبر شہداد کوٹ کے تاریخی قبرستان پر بااثر افراد قابض
کراچی سے گرفتار ڈکیت گینگ ملتان میں 29 کروڑ کی جائیدادوں کامالک نکلا
احتجاجی جلسے اور ریلی سے خطاب کے دوران مذکورہ رہنماؤں کا کہنا تھا کہ سیپکو ملازم جمیل احمد برڑو کو چند روز قبل گرڈ اسٹیشن کرم پور سے دوران ڈیوٹی اغواء کیا ہے انتہائی افسوس کی بات ہے دس روز گزرنے کے باوجود مغوی سیپکو ملازم جمیل احمد کو بازیاب نہیں کرایا گیا۔
ان کا کہنا تھا کہ ایسا لگتا ہے سیپکو انتظامیہ ملازمین کو تحفظ فراہم کرنے میں ناکام ہے عدم تحفظ کی فراہمی پر ملازمین میں شدید مایوسی کی لہر دوڑ رہی ہے مغوی ملازم کی عدم بازیابی کی وجہ سے انکے اہل خانہ شدید پریشان ہیں۔
مذکورہ رہنماؤں نے کہا کہ آل پاکستان واپڈا ہائیڈرو الیکڑک ورکرز یونین سکھر مغوی ملازم جمیل احمد کی بازیابی تک خاموش نہیں بیٹھی گی۔
رہنماؤں نے حکام بالا سے نوٹس لیکر مغوی ملازم کو فوری بازیاب کرانے سمیت سیپکو ملازمین کو ہر ممکن تحفظ فراہمی کا مطالبہ کیا اور اعلان کیا کہ اگر مغوی ملازم بازیاب نا ہوا تو مذکورہ علاقے کی بجلی بند کردی جائیگی جس کی تمام تر ذمہ داری متعلقہ محکموں پر عائد ہوگی۔









