مینگورہ سبزی منڈی کے قریب مسلح ملزمان کی فائرنگ، 2 پولیس اہلکار شہید
موٹر سائیکل سوار مسلح ملزمان کی فائرنگ سے ایک راہگیر بھی زخمی ہو گیا جسے طبی امداد کے لیے اسپتال منتقل کردیا گیا ہے۔
سوات سے خبر شامل کرتے ہیں ، مینگوہ سبزی منڈی کے قریب نامعلوم ملزمان کی فائرنگ سے دو پولیس اہلکار شہید ہو گئے ہیں۔
تفصیلات کے مطابق سوات کے علاقے مینگورہ سبزی منڈی کے قریب نامعلوم ملزمان کی فائرنگ سے دو پولیس اہلکار شہید ہو گئے ہیں جبکہ فائرنگ کی زد میں آکر ایک راہگیر بھی زخمی ہو گیا ہے۔
یہ بھی پڑھیے
شمالی وزیرستان میں سیکورٹی کا سرچ آپریشن، 2 دہشتگرد ہلاک، 2 جوان شہید
9 مئی کے منصوبہ سازوں اور ماسٹر مائنڈز کے گرد قانون کا گھیرا تنگ کیا جائے گا، آرمی چیف
فائرنگ کے واقعے کے بعد پولیس ، ایف سی اور ریسکیو اہلکاروں کی بڑی تعداد جائے وقوعہ پہنچ گئی ، ریسکیو اہلکاروں نے شہید ہونے والے پولیس اہلکاروں کی لاشوں اور زخمی راہگیر کو اسپتال منتقل کردیا ہے۔
پولیس حکام کا کہنا ہے کہ ملزمان موٹر سائیکل پر سوار تھے تاہم فائرنگ کے بعد ملزمان پیدل فرار ہو گئے۔
پولیس حکام کے مطابق عینی شاہدین کا کہنا ہے کہ پولیس اہلکار معمول کی ڈیوٹی دے رہے تھے ، کہ موٹر سائیکل سوار مسلح ملزمان نے اندھا دھند فائرنگ کردی ، جس کے نتیجے میں دونوں پولیس اہلکار موقع پر شہید ہو گئے۔
پولیس حکام کا مزید کہنا ہے کہ علاقے کی ناکہ بندی کرکے ملزمان کی تلاش شروع کردی گئی ہے ، جبکہ سی سی ٹی کیمروں سے بھی مدد لی جارہی ہے۔ پولیس کا دعویٰ ہے کہ وہ ملزمان کو جلد گرفتار کرلیں گے۔
دوسری جانب ابھی تک کسی گروپ نے فائرنگ کی ذمہ داری قبول نہیں کی ہے۔