میئر کراچی کے الیکشن ملتوی کرنے کی درخواست پر سندھ ہائی کورٹ کا بڑا حکم
ایس ایچ سی نے کہنا ہے کہ ایڈووکیٹ جنرل سندھ انتخاب کے روز تمام یوسی چیئرمینوں اور منتخب نمائندوں کی سٹی کونسل میں حاضری کو یقینی بنائیں۔

سندھ ہائی کورٹ نے کسی بھی یو سیز چیئرمین یا منتخب بلدیاتی نمائندے کو غیرقانونی طور پر جیل میں رکھنے اور ہراساں کرنے سے پولیس کو روک دیا ہے۔
یہ ریمارکس سندھ ہائی کورٹ کے جج نے میئر کراچی کے انتخابات ملتوی کرنے کی درخواست کی سماعت کے دوران دیئے۔ عدالت نے حکم دیا کہ الیکشن کے روز منتخب نمائندوں کی حاضری یقینی بنائی جائے۔
الیکشن کمیشن کو ہدایت جاری کرتے ہوئے عدالت عالیہ کا کہنا ہے کہ اگر کوئی شخص یا ادارہ منتخب نمائندوں کو ہراساں کررہا ہے تو الیکشن کمیشن اس کے خلاف ایکشن لے۔
یہ بھی پڑھیے
پیپلز پارٹی کی پی ٹی آئی سے التجائیں؛ میئر کراچی کیلئے حمایت مانگ لی
نجی سیکورٹی کمپنی نے مویشی منڈی جانے والے شہریوں کیلئے انوکھی سروس متعارف کرادی
سندھ ہائی کورٹ نے پی ٹی آئی کے یوسی چیئرمین ذیشان شاہد کی درخواست پر سماعت کی۔ درخواست میں موقف اختیار کیا گیا ہے کہ پولیس یوسی نمائندوں اور چیئرمینوں کو گرفتار کررہی ہے۔ اس لیے صورتحال بہتر ہونے تک میئر کراچی کے انتخابات ملتوی کیے جائیں۔
عدالت عالیہ نے اس پر ایڈووکیٹ جنرل سندھ کو ہدایت کی ہے کہ کسی بھی یوسی چیئرمین کو نہ تو ہراساں کیا جائے اور نہ گرفتار کیا جائے۔ اور جو یوسی چیئرمین گرفتار ہیں انہیں انتخاب کے دن سے قبل رہا کیا جائے۔ اور ان کی پولنگ کے روز حاضری کو یقینی بنایا جائے۔
سندھ ہائی کورٹ نے ریمارکس دیئے کہ جو حکم حافظ نعیم الرحمان کی درخواست میں دیا گیا تھا وہ حکم یوسی چیئرمین ذیشان شاہد کی درخواست پر دیا جاتا ہے۔
اس پر ایڈووکیٹ جنرل سندھ نے عدالت عالیہ کو یقین دہانی کرائی کہ نہ تو کسی یوسی چیئرمین کو ہراساں کیا جائے اور نہ ہی انتخاب کے موقع پر کسی یوسی چیئرمین کو ووٹ سے روکا جائے گا۔ تمام یوسی چیئرمینز کی الیکشن کے دن سٹی کونسل میں آمد کو یقینی بنایا جائے گا۔
سندھ ہائی کورٹ نے ایڈووکیٹ سندھ کی یقین دہانی کے بعد درخواست کو نمٹا دیا۔ اور حکم دیا کہ تمام یوسی چیئرمینز کی سٹی کونسل میں حاضری کو یقینی بنانے کے لیے اقدامات کیے جائیں۔









