بلوچستان کے علاقے بارکھان میں دھماکہ، کم سے کم 2 افراد جاں بحق
لیویز حکام کا کہنا ہے کہ دھماکہ منگل کی صبح بارکھان کی ایک مارکیٹ میں ہوا۔
بلوچستان کے ضلع بارکھان کے علاقے ہن ندی کے قریب ایک دھماکے کے نتیجے میں کم از کم 2 افراد جاں بحق ہو گئے۔
دھماکے کے فوری بعد پولیس اور لیویز کی بھاری نفری جائے وقوعہ پر پہنچ گئی۔ جبکہ ریسکیو ٹیموں نے جاں بحق اور زخمیوں کو سول اسپتال منتقل کردیا۔
پولیس اور لیویز حکام کا کہنا ہے کہ دھماکے کی جگہ سے شواہد اکٹھے کرلیے گئے، جبکہ دھماکے میں ملوث افراد کی گرفتاری کے لیے تفتیش کا شروع کردیا گیا ہے۔
یہ بھی پڑھیے
بلوچستان: مستونگ میں وین اور بس میں تصادم، خاتون سمیت 4 افراد جاں بحق
بلوچ نیشنل آرمی کے کمانڈر گلزار امام شمبے نے اسلحہ ڈال کر ریاست سے معافی مانگ لی
یاد رہے کہ 6 فروری کو بارکھان میں بھی ایک دھماکے کے نتیجے میں بھی پانچ افراد جاں بحق جبکہ متعدد زخمی ہوگئے تھے۔
لیویز حکام کے مطابق دھماکا صبح کے وقت رکھنی مارکیٹ میں حجام کی دکان کے باہر اس وقت ہوا جب مقامی لوگ خریداری میں مصروف تھے۔ ایک خاتون اور پانچ سالہ بچی سمیت چار افراد شہید اور بیس سے زائد زخمی ہوئے تھے۔
زخمیوں کو ڈیرہ غازی خان کے اسپتالوں میں منتقل کر دیا گیا۔ بعد ازاں ایک زخمی نے دوران علاج دم توڑ دیا جس سے جاں بحق ہونے والوں کی تعداد پانچ ہو گئی تھی۔
ٹیچنگ اسپتال کے میڈیکل سپرنٹنڈنٹ ڈاکٹر نجیب الرحمان نے بتایا کہ زخمیوں میں سے چار کی حالت تشویشناک ہے۔
دھماکے کے فوراً بعد پولیس اور مقامی حکام جائے وقوعہ پر پہنچے اور علاقے کو گھیرے میں لے کر مکمل تفتیش کی تھی۔
بارکھان کے ڈپٹی کمشنر عبداللہ کھوسو نے بتایا تھا کہ دھماکہ اس وقت ہوا جب ایک موٹر سائیکل میں نصب دیسی ساختہ بم پھٹا تھا۔