پی ٹی آئی ارکان کو بغاوت پر اکسانے پر پرویز خٹک کو شوکاز، سابق صوبائی صدر برہم

7دن میں تسلی بخش جواب نہ دینے یا نوٹس کو نظر انداز کرنے پر کارروائی آگے بڑھائی جائے گی، سیکریٹری جنرل عمر ایوب کا انتباہ: عمران نیازی تمہارا کھیل تمام ہوا، 2 ماہ بعد کوئی پی ٹی آئی کا نام لینے والا بھی نہیں ہوگا، پرویز خٹک

پاکستان تحریک انصاف نے سابق صوبائی صدر پرویز خٹک کو پارٹی ارکان کو بغاوت پر اکسانے کے  الزام میں اظہار وجوہ کا نوٹس جاری کردیا۔

 پرویز خٹک شوکاز نوٹس کے اجرا پر عمران خان کیخلاف پھٹ پڑے  اور   سخت ردعمل کا اظہار کیا ہے۔

یہ بھی پڑھیے

پرویز خٹک کی بلے اور تیر کے نشان پر مہر لگانے کی ویڈیو وائرل

پرویز خٹک نے وزیراعظم کی تقریر کے مندرجات پہلے ہی لیک کردیئے

پی ٹی آئی کے اعلامیے کے مطابق پرویز خٹک کے خلاف پارٹی سطح پر کارروائی کا آغاز کردیا گیا ہے اور مرکزی سیکریٹری جنرل عمر ایوب نے انہیں اظہارِ وجوہ کا نوٹس جاری کیا ہے۔

اظہارِ وجوہ کے نوٹس میں کہا گیا ہے کہ آپ ارکان سے روابط قائم کرکے جماعت سے علیحدگی اختیار کرنے پر اکسا رہے ہیں لہٰذا 7 دن میں اس تاثر کے حوالے سے اپنا مفصل جواب داخل کریں۔

اعلامیے میں یہ بھی کہا گیا ہے کہ جواب تسلی بخش نہ ہونے یا نوٹس کے جواب سے گریز پر کارروائی آگے بڑھائی جائے گی۔خیال رہے کہ گزشتہ دنوں سابق وزیر دفاع پرویز خٹک نے پریس کانفرنس کرتے ہوئے خیبر پختونخوا کی صدارت چھوڑنے کا اعلان کیا تھا۔

 تحریک انصاف کی جانب سے اظہار وجوہ کے نوٹس پر پرویز خٹک نے سخت ردعمل کا اظہار کیا ہے۔انہوں نے کہاکہ عمران خان مجھے شوکاز نوٹس کا شوق پورا کرلیں ، لیکن مجھے آنکھیں دکھائے عمران نیازی کی اتنی حیثیت نہیں ،میں جب سیاست میں آیا عمران نیازی کرکٹ کھیلتا تھا،سیاست بچوں کا کھیل نہیں۔

انہوں نے کہاکہ عمران نیازی کو بچانے کے وعدے کرنے والے اب اسکا فون بھی اٹینڈ نہیں کرتے،اب بھی وقت ہے عمران خان سیاست سے ریٹائر منٹ لیں اور خود کو قانون کے حوالے کرکے کیسز کا سامنا کریں تو پارٹی بچ سکتی ہے۔

انہوں نے دعویٰ کیا کہ خیبر پختونخوا  میں 2013  میں  حکومت میں نے بنائی تھی ، اب دیکھتا ہوں عمران نیازی خیبر پختونخوا سے کتنی سیٹیں نکالتا ہے، عمران نیازی کو کھل کر بولا تمہارا کام تمام ہوگیا ہے۔

انہوں نے دعویٰ کیاکہ عمران نیازی کی سیاست پاکستان میں مزید دو مہینے تک کی مہمان ہے ، دو مہینے بعد تحریک انصاف کا نام لینے والا بھی کوئی نہیں ہوگا،عمران خان نے اپنے پاؤں پر خود ہی کلہاڑی مار دی ہے۔

پرویز خٹک نے الزام عائد کیا کہ  عمران خان جتنا جھوٹا آدمی پاکستان میں نہیں دیکھا ،میرے پاس   وزارت جھوٹ کا دفاع نہیں وزارت دفاع تھی،کارکن بھی عمران خان کے جھوٹ سے تنگ آگئے ہیں جھوٹ کا دفاع نہیں کرسکتے نہ ہی ملک میں انار کی وشرپسندی پھیلا سکتے ہیں، مہذب سیاست کا یہ راستہ یہ نہیں جو عمران نے چنا ہے۔

متعلقہ تحاریر