پرویز خٹک نے وزیراعظم کی تقریر کے مندرجات پہلے ہی لیک کردیئے

وزیراعظم عمران خان آج شام قوم سے خطاب میں پیٹرول اور بجلی سستی کرنے کے ساتھ ساتھ تعلیم یافتہ بےروزگاروں کیلیے وظیفے کا اعلان کریں گے۔

وزیر دفاع پرویز خٹک نے وزیراعظم عمران خان کے آج شام ہونے والے خطاب کے اہم نکات پہلے ہی لیک کر دیئے، انہوں نے کہا کہ وزیراعظم آج پیٹرول سستا کرنے کا اعلان کریں گے۔

پرویز خٹک نے دعویٰ کیا کہ عمران خان آج قوم سے خطاب کرتے ہوئے پیٹرولیم قیمتوں میں دس روپے سستا کرنے کا اعلان کریں گے۔

یہ بھی پڑھیے

جیمز فاکنر کا عدم ادائیگی پر پی ایس ایل چھوڑنے کا اعلان

ای سی پی کا فیصل واوڈا کی خالی نشست پر الیکشن کرانے کا اعلان

ان کا کہنا تھا کہ چار مہینے تک پیٹرول مزید مہنگا نہ کرنے کا اعلان بھی کیا جائے گا۔

وزیر دفاع کے مطابق بجلی کی فی یونٹ قیمت میں 5 روپے کمی کا اعلان بھی آج وزیراعظم عمران خان قوم سے خطاب کرتے ہوئے کریں گے لیکن تازہ ترین اطلاعات کے مطابق آج بجلی کی قیمت میں 6 روپے اضافے کا نوٹیفکیشن جاری ہوچکا ہے۔

پرویز خٹک نوشہرہ میں تقریب سے خطاب کر رہے تھے، ان کا کہنا تھا کہ وزیراعظم کا تیسرا بڑا اعلان بی اے پاس بے روزگار افراد کو دس سے بیس ہزار روپے ماہانہ وظیفہ ہوگا۔

قبل ازیں وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے کہا تھا کہ وزیراعظم آج قوم سے خطاب میں بڑے اعلانات کرنے والے ہیں۔

انہوں نے یہ بھی کہا کہ قوم تیار رہے، عمران خان آج دل کی باتیں کریں گے۔

متعلقہ تحاریر