وزیر اعظم کی آئی ایم ایف کی سربراہ سے ملاقات: قرض پروگرام کی بحالی کی درخواست کردی

شہباز شریف نے آئی ایم ایف کی ڈائریکٹر کے سامنے معاشی ترقی اور استحکام کے لیے حکومت کی طرف سے اٹھائے گئے اقدامات کا خاکہ پیش کیا۔

زیر التواء 9ویں جائزہ کے پروگرام کو مکمل کرنے کے لیے تازہ کوشش میں وزیراعظم شہباز شریف نے جمعرات کے روز پیرس میں نیو گلوبل فنانسنگ پیکٹ سمٹ کے موقع پر مینیجنگ ڈائریکٹر انٹرنیشنل مانیٹری فنڈ (آئی ایم ایف) کرسٹالینا جارجیوا سے ملاقات کی۔

ملاقات میں پاکستان اور آئی ایم ایف کے درمیان جاری پروگراموں اور تعاون پر تبادلہ خیال کیا گیا۔

27 مئی 2023 کو اپنی حالیہ ٹیلیفونک گفتگو کی یاد دہانی کرتے ہوئے وزیراعظم شہباز شریف نے کرسٹالینا جارجیوا کو پاکستان کے معاشی نقطہ نظر سے آگاہ کیا۔

یہ بھی پڑھیے

فوجی عدالتوں کے خلاف دائر درخواستوں کامعاملہ: 9 رکنی لارجر بینچ ٹوٹنے کے بعد 7 رکنی بینچ تشکیل

جسٹس قاضی فائز عیسیٰ کو چیف جسٹس بننے سے قبل ہی امتحان کا سامنا

ملاقات کے دوران وزیراعظم شہباز شریف نے معاشی ترقی اور استحکام کے لیے حکومت کے اقدامات کا خاکہ پیش کیا۔ انہوں نے اس بات پر زور دیا کہ توسیعی فنڈ سہولت کے تحت نویں جائزے کے لیے تمام پیشگی کارروائیاں مکمل کر لی گئی ہیں اور حکومت پاکستان آئی ایم ایف کے ساتھ طے شدہ اپنی ذمہ داریوں کو پورا کرنے کے لیے پوری طرح پُرعزم ہے۔

وزیراعظم کا کہنا تھا کہ ہمیں قوی امید ہے کہ آئی ایم ایف ، ای ایف ایف کے تحت مختص فنڈز جلد از جلد جاری کر دے گا۔

شہباز نے زور دے کر کہا کہ اس سے پاکستان کی معاشی استحکام کے لیے جاری کوششوں کو تقویت ملے گی اور اس کے عوام کو ریلیف ملے گا۔

آئی ایم ایف کی مینیجنگ ڈائریکٹر نے جائزہ کے جاری عمل کے بارے میں اپنے ادارے کے نقطہ نظر سے آگاہ کیا۔

ملاقات میں وفاقی وزیر برائے موسمیاتی تبدیلی اور ماحولیاتی رابطہ شیری رحمان؛ وفاقی وزیر برائے اقتصادی امور سردار ایاز صادق؛ وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات مریم اورنگزیب؛ وزیر مملکت برائے خزانہ اور محصولات عائشہ غوث پاشا؛ وزیراعظم کے معاون خصوصی طارق فاطمی اور فرانس میں پاکستان کے سفیر عاصم افتخار احمد نے بھی شرکت کی۔

متعلقہ تحاریر