سی ٹی ڈی پنجاب کی مختلف شہروں میں کارروائی، 9 دہشتگرد گرفتار
ترجمان سی ٹی ڈی کا کہنا ہے کہ محکمہ انسداد دہشت گردی نے ایک ہفتے کے اندر مجموعی طور پر 153 کومبنگ آپریشنز کیے ہیں۔
انٹیلی جنس پر مبنی اہم کارروائیوں میں، پنجاب کے انسداد دہشت گردی ڈیپارٹمنٹ (سی ٹی ڈی) نے صوبے کے مختلف شہروں میں کامیاب کارروائیاں کرتے ہوئے 9 مشتبہ دہشتگردوں کو گرفتار کرلیا ہے۔
ترجمان سی ٹی ڈی کی جانب سے جاری ہونے والے اعلامیے میں کہا گیا کہ یہ گرفتاریاں فیصل آباد، گوجرانوالہ، بہاولپور، ڈی جی خان اور ملتان میں کی گئیں۔
سی ٹی ڈی حکام نے کارروائیوں کے دوران کالعدم تحریک طالبان پاکستان (ٹی ٹی پی) اور القاعدہ جیسی کالعدم عسکریت پسند تنظیموں سے مبینہ روابط رکھنے والے افراد کو نشانہ بنایا ہے۔
یہ بھی پڑھیے
سی ٹی ڈی پنجاب کی خفیہ اطلاعات پر کارروائیاں، 4 مبینہ دہشتگرد گرفتار
پاک بحریہ کا سندھ کے سمندری طوفان سے متاثرہ علاقوں میں ریسکیو اور ریلیف آپریشن جاری
کارروائی کے دوران سی ٹی ڈی نے خطرناک مواد بشمول دھماکہ خیز مواد، ڈیٹونیٹرز، فیوز اور بھاری مقدار میں نقدی برآمد کر لی۔ برآمد ہونے والی نقدی کی مالیت 1 لاکھ 52 ہزار 800 روپے ہے۔
سی ٹی ڈی کے ترجمان کے مطابق گرفتار افراد کی شناخت نوید خان، خرم، غلام حسین، غلام عباس، اویس، محمد سیف، حسین، اسماعیل اور اخوان کے ناموں سے ہوئی ہے۔
دریں اثنا، انسداد دہشت گردی حکام نے پورے ہفتے میں 153 کومبنگ آپریشنز کیے ہیں، جس کے نتیجے میں آٹھ اضافی مشتبہ افراد کو گرفتار کیا گیا ہے۔
سی ٹی ڈی حکام نے خطے میں دہشتگردانہ کارروائیوں میں ملوث افراد پر ایک جامع رپورٹ مرتب کی ہے ، رپورٹ 7 ہزار 751 افراد پر مشتمل ہے۔ رپورٹ میں اہم معلومات بھی اکٹھی کی گئی ہیں۔
سی ٹی ڈی حکام نے پنجاب میں محفوظ ماحول کو یقینی بنانے کے لیے اور دہشت گردی کی لعنت کو جڑ سے اکھاڑ پھینکنے کے اپنے عزم کا اعادہ کیا ہے۔