امریکا کے ساتھ اقتصادی اور تجارتی محاذوں پر گہرے اور تاریخی تعلقات ہیں، اسحاق ڈار
وفاقی وزیر خزانہ نے امریکی سفیر ڈونلڈ بلوم کو آئی ایم ایف کے ساتھ عملے کی سطح پر طے پانے والے معاہدے کی تفصیلات سے آگاہ کیا۔
پاکستان میں امریکہ کے سفیر ڈونلڈ بلوم نے وفاقی وزیر خزانہ اور ریونیو سینیٹر محمد اسحاق ڈار سے ملاقات کی ہے۔
تفصیلات کے مطابق وزیر خزانہ سینیٹر محمد اسحاق ڈار نے سفیر محترم کا پرتپاک استقبال کیا۔ جناب ڈونلڈ بلوم نے اقتصادی اور تجارتی محاذوں پر امریکہ کے پاکستان کے ساتھ مضبوط تاریخی اور پائیدار دوطرفہ تعلقات کو سراہا۔
یہ بھی پڑھیے
پاکستان اسٹاک مارکیٹ کے لیے غیرملکی سرمایہ کار نے اچھی خبر دے دی
اگلے دو سالوں میں افراط زر کی شرح 5-7 فیصد تک لائیں گے، گورنر اسٹیٹ بینک
وزیر خزانہ نے امریکی سفیر کو آئی ایم ایف کے ساتھ عملے کی سطح کے معاہدے پر کامیابی سے پہنچنے کے بارے میں بھی آگاہ کیا اور معیشت کو استحکام سے ترقی کی راہ پر گامزن کرنے کے لیے حکومت کی اقتصادی پالیسیوں اور ترجیحات کے بارے میں تفصیلات پر روشنی ڈالی۔
امریکی سفیر ڈونلڈ بلوم نے ملک میں معاشی استحکام لانے کے لیے حکومت کی پالیسیوں اور پروگراموں پر اعتماد کا اظہار کیا۔ انہوں نے دونوں ممالک کے مابین دوطرفہ اقتصادی، سرمایہ کاری اور تجارتی تعلقات کو مزید فروغ دینے کے لیے اپنی حمایت کا بھی اظہار کیا۔
دونوں فریقین نے مشترکہ دلچسپی کے شعبوں اور دونوں ممالک کے مابین موجودہ دوطرفہ تعلقات کے مزید فروغ پر بھی تبادلہ خیال کیا۔
وزیر خزانہ سینیٹر اسحاق ڈار نے امریکا کی حمایت اور تعاون کو سراہتے ہوئے حکومت کی امریکا کے ساتھ دوطرفہ اقتصادی اور تجارتی تعلقات کو مزید مضبوط کرنے کے عزم کا اعادہ کیا۔