عمران خان کی معافی کے بعد فوزیہ بی بی نے ہتک عزت کا مقدمہ واپس لے لیا
چیئرمین تحریک انصاف نے 2018 میں سینیٹ میں انتخابات کے موقع پر سابق ایم پی اے پر ہارس ٹریڈنگ کا الزام لگایا تھا۔
پاکستان تحریک انصاف کی سابق ایم پی اے فوزیہ بی بی کی جانب سے دائر ہتک عزت کا مقدمہ عمران خان کے الزامات واپس لینے کے بعد خارج کردیا گیا ہے۔
پی ٹی آئی چیئرمین عمران خان نے 2018 میں ایم پی اے پر ہارس ٹریڈنگ میں ملوث ہونے کا الزام لگایا تھا، جبکہ سابق ایم پی اے فوزیہ بی بی نے الزامات کی تردید کرتے ہوئے عمران خان کے خلاف ہتک عزت کا دعویٰ دائر کردیا تھا۔
یہ بھی پڑھیے
مولانا فضل الرحمان ن لیگ سے نالاں: کیا 13 جماعتوں کو جوڑ کر بنائی گئی دیوار گرنے والی ہے؟
9 مئی کے واقعات میں عمران خان کا ہاتھ نہیں، اسد قیصر نے پرویز خٹک کے دعوے کو مسترد کردیا
قاضی انور ایڈووکیٹ کے ذریعے جمع کرائے گئے اپنے بیان میں عمران خان نے کہا کہ انہیں 2018 کے سینیٹ الیکشن کے دوران کسی ہارس ٹریڈنگ کا کوئی ذاتی علم یا ثبوت نہیں ہے۔
وکیل کی جانب سے جمع کرائے گئے بیان میں مزید کہا گیا کہ عمران خان نے فوزیہ بی بی کے خلاف بیانات پارٹی کی تیار کردہ رپورٹ کی بنیاد پر دیے تھے اور تاہم ذاتی طور پر وہ ان (فوزیہ بی بی) کی عزت کرتے ہیں۔
عمران خان کی وضاحت کے بعد فوزیہ بی بی نے اپنا کیس واپس لے لیا اور عدالت نے معاملہ نمٹا دیا۔
چیئرمین تحریک انصاف عمران خان نے 2018 کے سینیٹ انتخابات میں مبینہ طور پر ووٹ بیچنے پر اپنی پارٹی کے 20 قانون سازوں کے خلاف کارروائی کا اعلان کیا تھا۔