نگراں وزیراعظم کا معاملہ: راجہ ریاض کا 2 اگست سے مشاورتی عمل شروع کرنے کا اعلان
قومی اسمبلی میں قائد حزب اختلاف کا کہنا ہے کہ نگراں وزیراعظم کے نام کے لیے جماعت اسلامی اور گرینڈ ڈیموکریٹک الائنس (جی ڈی اے) کے رہنما بھی بات چیت میں شریک ہوں گے۔
قومی اسمبلی میں قائد حزب اختلاف راجہ ریاض نے نگراں وزیراعظم کے لیے ناموں کو حتمی شکل دینے کے لیے مشاورت کا دوسرا مرحلہ شروع کرنے کا اعلان کیا ہے۔
راجہ ریاض کا کہنا ہے کہ اپوزیشن کی جماعتوں کے ساتھ مشاورتی عمل 2 اگست سے شروع کیا جائے گا۔ ان کا کہنا ہے کہ اس اہم عہدے کے لیے حزب اختلاف نے تین نام تجویز کرنا ہیں۔
یہ بھی پڑھیے
بلوچستان کی اہم سیاسی شخصیات کی مسلم لیگ (ن) میں شمولیت کا امکان
چیئرمین تحریک انصاف عمران خان نے سائفر کی حقیقت کھول کردی
مشاورتی عمل کے بارے میں بات کرتے ہوئے راجہ ریاض نے کہا کہ ان کی اپنی جماعت کے علاوہ جماعت اسلامی اور گرینڈ ڈیموکریٹک الائنس (جی ڈی اے) بھی بات چیت میں شامل ہوں گے۔
ان کا کہنا تھا کہ نگراں وزیر اعظم کے لیے ممکنہ ناموں کی فہرست میں ممتاز ماہرین اقتصادیات، سیاست دانوں اور قابل ٹیکنوکریٹس کو شامل کرنے کی کوششیں کی جا رہی ہیں۔
یاد رہے کہ گذشتوں دنوں وزیر دفاع خواجہ آصف نے کہا تھا کہ وزیر اعظم شہباز شریف 2 یا 3 اگست کو ہونے والی ملاقات میں قومی اسمبلی میں اپوزیشن لیڈر راجہ ریاض سے نگراں وزیر اعظم کے نام پر مشاورت بھی کریں گے۔









