امجد زبیر ٹوانہ چیئرمین ایف بی آر تعینات
حکومتی ذرائع کے مطابق ان لینڈ ریونیو سروس کے افسر ملک امجد زبیر ٹوانہ کو ایف بی آر کا نیا چیئرمین مقرر کر دیا گیا ہے۔
اسلام آباد: وزیراعظم شہباز شریف نے ملک امجد زبیر ٹوانہ کو فیڈرل بورڈ آف ریونیو (ایف بی آر) کا نیا چیئرمین مقرر کردیا۔
ملک امجد زبیر ٹوانہ فی الحال ان لینڈ ریونیو سروس (IRS) کے ممبر آپریشن کے طور پر تعینات ہیں۔ وفاقی کابینہ نے سرکولیشن سمری کے ذریعے انہیں ایف بی آر کا نیا چیئرمین مقرر کیا ہے۔
ایف بی آر کے موجودہ چیئرمین عاصم احمد 30 جولائی کو اپنے عہدے سے ریٹائر ہو گئے تھے۔ ان کا تقرر موجودہ حکومت نے 27 اپریل کو کیا تھا۔
عاصم احمد سے قبل احمد جاوید غنی کو 2021 میں چیئرمین ایف بی آر تعینات کیا گیا تھا تاہم چند مہینے قبل ایف بی آر میں ڈیٹا ہیکنگ کا واقعہ پیش آنے کے بعد انہیں تبدیل کر دیا گیا تھا۔
یہ بھی پڑھیے
ایف بی آر جولائی کا مقررہ کردہ ٹیکس ہدف حاصل کرنے میں ناکام
شہباز حکومت کی ظلم کی انتہا، پیٹرول کی قیمت میں 19.95 روپے فی لیٹر اضافہ کر دیا
آئی آر ایس، کسٹمز اور پاکستان ایڈمنسٹریشن سروسز کے کئی افسران کے نام اس عہدے کے لیے زیر غور تھے لیکن وزیر خزانہ اسحاق ڈار نے ایف بی آر کے اعلیٰ عہدے کے لیے ملک امجد زبیر ٹوانہ کی سمری کی منظوری دی ہے۔
اطلاعات کے مطابق کم از کم بیس افسران ایسے تھے جو ملک امجد زبیر ٹوانہ سے سینئر ہیں۔ بتایا گیا ہے کہ ٹوانہ نے وزیر اعظم شہباز شریف کے ساتھ ملاقات کی تھی جس کے بعد انہیں اس عہدے پر مقرر کیا گیا۔
ملک امجد زبیر ٹوانہ ایف بی آر کے سابق چیئرمین طارق پاشا کے اسٹاف آفیسر کے طور پر بھی کام کر چکے ہیں۔ حکومت نے گزشتہ سال اگست میں ٹوانہ کو ممبر IR آپریشنز FBR سلاٹ کے طور پر تعینات کیا تھا۔
ٹیکس جمع کرنے والی اتھارٹی کے نئے سربراہ کو ایک مشکل کام کا سامنا ہے کیونکہ ملک نے بین الاقوامی مالیاتی فنڈ کے عزم کے مطابق رواں مالی سال کے لیے 9.415 ٹریلین روپے کا ہدف مقرر کیا ہے۔
گزشتہ مالی سال میں 7.2 ٹریلین روپے کا نظرثانی شدہ وصولی کا ہدف مقرر کیا تھا ، مگر اس مرتبہ یہ ہدف 30 فیصد زیادہ رکھا گیا یعنی 2.219 ٹریلین روپے کا مزید ہدف بڑھا دیا گیا ہے۔









