آج کتنے بچوں کی پیدائش ہوگی؟ یونیسف کے اعداد و شمار جاری
یونیسف کے مطابق یکم جنوری 2021 کو پاکستان میں 14ہزار 161 بچوں کی پیدائش ہوگی۔
اقوام متحدہ کے ذیلی ادارے یونیسف کے اعداد و شمار کے مطابق سال 2021 کے پہلے روز پاکستان میں 14 ہزار سے زائد بچوں کی پیدائش ہوگی۔
یونیسف نے حالیہ رپورٹ میں بتایا کہ دنیا بھر میں نئی دہائی کے پہلے دن 3 لاکھ 71 ہزار 504 بچے جنم لیں گے۔ ان بچوں میں پاکستانی بچوں کی تعداد 3.8 فیصد بنتی ہے۔
اعداد و شمار کے مطابق یکم جنوری 2021 کو پاکستان میں پیدا ہونے والے 14 ہزار 161 بچوں کی اوسط عمر 73 برس ہوگی۔
یونیسف نے انکشاف کیا ہے کہ 3 لاکھ 71 ہزار 504 پیدائشوں میں سے نصف سے زائد صرف 8 ممالک میں ہوں گی۔ انڈیا میں سال کے پہلے روز 59 ہزار 995 بچے آنکھ کھولیں گے۔ چین میں یکم جنوری کو 35 ہزار 615 بچوں کی پیدائش ہوگی۔ جبکہ نائیجریا میں 21 ہزار 439 اور انڈونیشیا میں 12 ہزار 336 بچے جنم لیں گے۔
اس کے علاوہ ایتھوپیا میں 12 ہزار 6 اور امریکا میں 10 ہزار 312 بچے دنیا میں قدم رکھیں گے۔ جبکہ مصر میں 9 ہزار 455 اور بنگلہ دیش میں 9 ہزار 236 بچے پیدا ہوں گے۔
یہ بھی پڑھیے
شہزادہ ہیری کے بیٹے کے امریکی لہجے پر برطانیہ پریشان
پاکستان میں یونیسف کی نمائندہ آئیڈا گِرما کا کہنا ہے کہ سال 2020 میں کرونا وباء نے معاشی عدم مساوات اور غربت کو بڑھایا۔ جس کے باعث یہ سال دنیا بھر کے لوگوں کے لیے مشکل ترین سال رہا۔
انہوں نے مزید کہا کہ بلاشبہ گزرا ہوا سال ہمارے لیے متعدد چیلنجز چھوڑ گیا ہے لیکن نیا سال بےشمار مواقع بھی لایا ہے۔
آئیڈا گِرما نے مزید کہا کہ اب وقت آگیا ہے کہ ہم نئی زندگیوں کا خیرمقدم کرتے ہوئے ایک بہتر دنیا کی تعمیر کا آغاز کریں۔ تاکہ نامولودوں کو دنیا ویسی ہی دیکھنے کو ملے جیسی پہلے ہوا کرتی تھی۔