کشمالہ طارق کے سرکاری پروٹوکول کی ٹکر سے 4 افراد جاں بحق

پولیس نے مقدمہ درج کرلیا ہے تاہم اب تک کوئی گرفتاری عمل میں نہیں آئی ہے۔

پاکستان میں خواتین کی ہراسگی سے متعلق معاملات کی وفاقی محتصب کشمالہ طارق کے سرکاری پروٹوکول میں شامل دیگر گاڑیوں نے اسلام آباد میں ٹریفک سگنل توڑ کر ایک کار اور موٹر سائیکل کو ٹکر مار دی جس سے چار افراد موقع پر ہی جاں بحق اور 2 بری طرح زخمی ہو گئے ہیں۔

پولیس نے مقدمہ درج کرلیا ہے تاہم اب تک کوئی گرفتاری عمل میں نہیں آئی ہے۔ تھانہ رمنا کے ایس ایچ او میاں نور نے نیوز360 کو بتایا کہ گزشتہ شب  اسلام آباد کی سری نگر ہائی وے کے جی الیون سگنل پر تیز رفتار گاڑیوں کے قافلے  نے ایک گاڑی اور موٹر سائیکل کو ٹکر مار دی جس کے نتیجے میں 4 افراد موقع پر ہی ہلاک اور 2 زخمی ہوگئے۔ زخمیوں کو پمز ہسپتال منتقل کردیا گیا جہاں ان کا علاج کیا جا رہا ہے۔

یہ بھی پڑھیے

پی ٹی آئی کی سینیٹ الیکشن کی تیاری اور حزب اختلاف کے خالی وار

ایس ایچ او نے بتایا کہ کشمالہ طارق کے سرکاری پروٹوکول میں گاڑی چلانے والے حادثے کے ذمہ دار ڈرائیور کے خلاف مقدمہ درج کر لیا گیا ہے تاہم اب تک کوئی گرفتاری عمل میں نہیں آئی ہے۔انہوں نے بتایا کہ 2 گاڑیاں اور ایک موٹر سائیکل پولیس نے قبضے میں لے لی ہے۔ان کا کہنا تھا کہ آج تحقیقات مکمل کر لی جائیں گی۔ ایس ایچ او نے بتایا کہ حادثے کا شکار ہونے والے افراد کا صبح اے این ایف  میں ملازمت کا امتحان تھا جس کے لئے وہ مانسہرہ سے اسلام آباد آئے تھے۔

جاں بحق افراد کی شناخت انیس، حیدر، فیصل اور فاروق کے نام سےہوئی ہے۔ عینی شاہدین کے مطابق حادثہ کشمالہ طارق کے پروٹوکول کی گاڑیوں کے سگنل توڑنے کے سبب پیش آیا۔ تاہم وہ خود اپنی گاڑی میں موجود نہیں تھیں۔ ان کے شوہر اور بیٹا گاڑی میں سوار تھے۔ کشمالہ طارق سابق رکن قومی اسمبلی ہیں۔ اس وقت وہ وفاقی ادارہ محتسب برائے تحفظ جنسی استحصال وہراسگی کی سربراہ ہیں۔ کشمالہ طارق 2002 سے 2012 تک رکن قومی اسمبلی رہیں۔انہوں نے کچھ عرصہ قبل بزنس مین وقاص خان سے شادی کرلی تھی۔

سوشل میڈیا پر سامنے آنے والی ویڈیو کے مطابق جی الیون سگنل پر مہران گاڑی اور موٹر سائیکل کو ٹکر ماری گئی جس سے گاڑی بری طرح متاثر ہوئی اور اس کے ٹکڑے سڑک پر بکھرے دیکھے جا سکتے ہیں۔ ویڈیومیں حادثے کا سبب بننے والی گاڑی بھی دکھائی گئی ہے۔ جس میں ایک نوجوان سے ویڈیو بنانے والا کہتا ہے کہ ’آپ نے بندہ مار دیا‘ تو وہ جوان استفہامیہ انداز میں کہتا ہے کہ ’میں چلا رہا ہوں گاڑی ہیلو۔؟‘

ویڈیو بنانے والا کہتا ہے کہ ’گاڑی تو آپ کی ہے۔‘ پس منظر میں آواز آتی ہے کہ’اس کو جانے مت دو پکڑو اس کو‘ ویڈیو میں دیکھا جا سکتا ہے کہ حادثے کا سبب بننے والی والی گاڑی کے آگے بھی ایک شخص کی لاش پڑی ہے۔ ویڈیو بنانے والا کہتا ہے کہ ’آپ نے بندہ مار دیا‘ تو گاڑی والا نوجوان کہتا ہے کہ ’غلطی ہماری نہیں ہے‘

ویڈیو بنانے والا کہتا ہے کہ ’آپ نے دو بندے مار دیے جب اشارہ ریڈ ہو گیا تھا‘ اس دوران گاڑی والے بھاگنے کی کوشش کرتے دکھائی دیتے ہیں۔

متعلقہ تحاریر