دہلی میں تنہا گاڑی چلانے پر بھی ماسک پہننا لازمی
گذشتہ سال چار وکلاء نے گاڑی میں تنہا سفر کے دوران ماسک پہننے کے حکم کے خلاف 4 درخواستیں دائر کی تھیں۔
انڈیا کے دارالحکومت دہلی کی ہائی کورٹ نے نجی گاڑی کو ’عوامی مقام‘ قرار دیتے ہوئے اکیلے سفر کرنے والے شخص کے لیے بھی ماسک پہننا لازمی قرار دے دیا ہے۔
انڈیا کے دارالحکومت دہلی کے دہلی ہائی کورٹ (ڈی ایچ سی) کے جج جسٹس پرتھیبا ایم سنگھ نے کرونا کے بڑھتے ہوئے کیسز کے پیش نظر تنہا ڈرائیونگ کرنے والے شخص کو ماسک پہننے کا حکم دے دیا ہے۔
دہلی ہائی کورٹ نے سڑکوں پر چلنے والی نجی گاڑیوں کو ’عوامی مقام‘ قرار دیتے ہوئے تنہا ڈرائیور کے لیے ماسک پہننا ’لازمی‘ قرار دے دیا ہے۔
دہلی ہائی کورٹ نے اپنے فیصلے میں لکھا ہے کہ ’ماسک ایک حفاظتی ڈھال‘ ہے جو مہلک وائرس کو پھیلنے سے روکتا ہے۔ اس حفاظتی ڈھال سے وائرس سے متاثر ہونے کے امکانات کم ہو جاتے ہیں۔
یہ بھی پڑھیے
برازیل کی سیکس ورکرز کا کرونا ویکسینیشن میں ترجیح کا مطالبہ
انڈین میڈیا کے مطابق گذشتہ سال وکیلوں کی جانب سے 4 درخواستیں دائر کی گئیں تھیں۔ درخواستوں میں نجی گاڑی میں تن تنہا سفر کے دوران چہرے پر ماسک نہ پہننے والوں پر 500 روپے جرمانہ عائد کرنے کو چیلنج کیا گیا تھا۔
انڈین میڈیا کے مطابق وکلاء کی جانب سے ماسک پہننے کے خلاف درخواستیں اس لیے دائر کی گئی تھیں کیونکہ سوربھ شرما نامی وکیل کو دوران ڈرائیونگ ماسک نہ پہننے کی بنا پر جرمانہ کیا گیا تھا۔

جسٹس پرتھیبا ایم سنگھ نے اپنے فیصلے میں کہا ہے کہ ’سڑک پر نجی گاڑی بھی عوامی مقام ہے اس لیے جو بھی فرد اس وقت گاڑی چلا ئے اسے ماسک لازمی پہننا ہو گا۔‘









