لگاتار 10ویں مہینے ترسیلات زر 2 ارب ڈالرز سے زیادہ

گورنر اسٹیٹ بینک کا کہنا ہے کہ ترسیلات زر میں اضافہ ملکی معیشت پر بہتر اثر ڈالے گا۔

پاکستان میں گذشتہ 10 ماہ کے دوران مسلسل ترسیلات زر میں 2 ارب ڈالرز سے زیادہ کا اضافہ ہوتا رہا۔ 

پیر کے روز پاکستان اسٹاک ایکسچینج (پی ایس ایکس) میں منعقدہ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے گورنر اسٹیٹ بینک رضا باقر نے کہا کہ بیرون ممالک میں مقیم پاکستانیوں کی جانب سے ملنے والی ترسیلات زر کا حجم 21 ارب 50 کروڑ ڈالرز سے تجاوز کرگیا ہے۔

گورنر اسٹیٹ بینک نے بیرون ممالک میں مقیم پاکستانیوں سے اظہار تشکر کرتے ہوئے کہا کہ ترسیلات زر میں اضافہ ملکی معیشت پر بہتر انداز میں اثرانداز ہوگا۔ کرونا کی وباء کی تیسری لہر کے دوران ہم مضبوط معاشی شرح نمو میں داخل ہو رہے ہیں۔

گذشتہ 9 مہینوں میں موصول ہونے والے ترسیلات زر کی تفصیلات

اسٹیٹ بینک آف پاکستان (ایس بی پی) کے مطابق بیرون ممالک میں مقیم پاکستسانیوں نے جون 2020 میں ترسیلات زر کی مد میں 2 ارب 46 کروڑ ڈالرز وطن عزیز بھیجے تھے۔

رواں مالی سال میں جولائی کے مہینے میں غیرممالک میں بسنے والے پاکستانیوں نے 2 ارب 76 کروڑ 80 لاکھ ڈالرز کے ترسیلات زر پاکستان بھیجے تھے۔

اگست کے مہینے میں سمندر پار پاکستانیوں نے ترسیلات زر کی مد میں 2 ارب 95 کروڑ ڈالرز بھجوائے۔

اسٹیٹ بینک کے مطابق رواں مالی میں ستمبر کے مہینے میں پاکستان نے ترسیلاتِ زر کی مد میں 2 ارب 30 کروڑ ڈالرز وصول کیے۔

اکتوبر کے مہینے میں بیرون ممالک میں بسنے والے پاکستانیوں نے ترسیلات زر کی مد میں 2 ارب 30 کروڑ ڈالرز پاکستان بھیجے تھے۔

ماہ نومبر کے دوران یہ رقم 2 ارب 34 کروڑ ڈالرز سے زیادہ رہی۔

بیرون ممالک میں مقیم پاکستانیوں کی جانب سے رواں مالی سال دسمبر میں بھیجی گئی ترسیلات زر سالانہ بنیادوں پر 16.2 فیصد تک بڑھ کر 2 ارب 43 کروڑ 60 لاکھ ڈالرز رہیں۔

اسٹیٹ بینک آف پاکستان کا کہنا ہے کہ رواں مالی سال جنوری کے مہینے میں پاکستان کو ترسیلات زر کی مد میں 2 ارب ڈالرز سے زیادہ موصول ہوئے تھے۔

اسی طرح رواں مالی سال کے فروری کے مہینے میں بیرون ممالک میں مقیم پاکستانیوں نے ترسیلات زر کی مد میں 2 ارب 26 کروڑ ڈالرز پاکستان بھیجے تھے۔

یہ بھی پڑھیے

سخت ترین بجٹ کی تیاریاں عروج پر

دوسری جانب وزیر اعظم عمران خان نے ترسیلات زر سے متعلق بیرون ملک مقیم پاکستانیوں سے اظہار تشکر کیا ہے۔ سماجی رابطوں کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر جاری پیغام میں وزیراعظم عمران خان نے لکھا ہے کہ بیرون ممالک مقیم پاکستانیوں کی ملک سے محبت اور وابستگی بے مثال ہے۔ آپ نے تمام ریکارڈ توڑ کر کرونا کے باوجود مسلسل 10 مہینے 2 ارب ڈالرز سے زیادہ ترسیلات زر بھیجے ہیں۔

وزیراعظم عمران خان نے کہا کہ آپ کی ترسیلات زر مارچ میں بڑھ کر 2 ارب 70 کروڑ ڈالرز ہوگئیں ہیں جو گذشتہ برس کے مقابلے میں 43 فیصد زیادہ ہیں۔

متعلقہ تحاریر