35 خواتین سے محبت کے دعوے کرنے والا جاپانی شہری گرفتار
تاکاشی میاگی 35 خواتین سے ایک لاکھ جاپانی ین کی مالیت کے تحائف وصول کر چکے ہیں۔

جاپانی پولیس نے شہری کو گرفتار کیا ہے جو بیک وقت 35 خواتین سے ڈیٹنگ کررہے تھے تاکہ وہ ان سے سالگرہ کے قیمتی تحائف حاصل کر سکیں۔
غیرملکی میڈیا کے مطابق ’39 سالہ تاکاشی میاگی گذشتہ 2 سالوں میں 35 خواتین سے محبت کے جھوٹے دعوے کر کے ان سے قیمتی تحائف لے چکے ہیں۔‘
تاکاشی میاگی نے اپنی کارروائیوں کا سلسلہ اس وقت شروع کیا جب وہ غسل خانے اور شاور سے متعلق مصنوعات بنانے والی کمپنی کی مختلف چیزیں لوگوں کے گھر جاکر فروخت کرتے تھے اور یہ مصنوعات خواتین کے لیے ہوتی تھیں۔ ان خواتین کی عمریں 35 سے 47 سال تک بتائی گئی ہیں۔
یہ بھی پڑھیے
لال بیگ کی وجہ سے 18 گھر تبدیل کرنے کے بعد طلاق
تاکاشی میاگی نے خواتین کو اپنی تاریخ پیدائش بتائی اور اس بہانے سے ان سے قیمتی تحفے لیتے رہے۔ تاکاشی میاگی نے کسی خاتون کو اپنی سالگرہ کی تاریخ 22 فروری، کسی کو جولائی اور کسی کو مارچ کی کوئی تاریخ بتائی ہے جبکہ ان کی سالگرہ کا دن 13 نومبر ہے۔
جاپانی پولیس کے مطابق تاکاشی میاگی نامی گرفتار شہری 35 خواتین سے ایک لاکھ جاپانی ین کی مالیت کے تحائف وصول کر چکے ہیں۔
جھوٹی محبت کا نشانہ بننے والی خواتین نے پولیس کے ساتھ مل کر تاکاشی میاگی کو گرفتار کروالیا ہے کیونکہ وہ ملزم کے ارادوں سے واقف ہوچکی تھیں۔