ملینڈا فرنچ گیٹس طلاق سے قبل ہی ارب پتی بن گئیں

بل گیٹس کے اثاثوں کی مالیت 146 ارب ڈالرز ہے جن کی مساوی تقسیم سے ملینڈا گیٹس کو 73 ارب ڈالرز ملیں گے۔

امریکا کی ارب پتی کاروباری شخصیت اور مائیکروسافٹ کے بانی بل گیٹس کی اہلیہ ملینڈا فرنچ گیٹس شوہر سے علیحدگی سے قبل ہی ارب پتی بن گئی ہیں۔

بل گیٹس اورملینڈا گیٹس کے درمیان ابھی باقاعدہ طلاق نہیں ہوئی ہے تاہم جوڑے نے اثاثوں کی تقسیم کا عمل شروع کردیا ہے۔ اس تقسیم کے نتیجے میں ملینڈا فرنچ گیٹس اب ارب پتی بن گئی ہیں۔

یہ بھی پڑھیے

بل اور ملینڈا طلاق کے بعد بھی فاؤنڈیشن کے لیے یکجا رہیں گے

امریکی جریدے فوربز کے مطابق بل گیٹس کے اسٹاک میں سرمایہ کاری کرنے والے ادارے نے چند روز کے دوران 2 ارب ڈالرز سے زیادہ مالیت کے حصص ملینڈا فرنچ گیٹس کے نام منتقل کیے ہیں۔ گاڑیوں میں سرمایہ کاری کرنے والے ادارے (بلز ویہکل انویسٹمنٹ) اور کاسکیڈ انویسٹمنٹ نے 3 مئی کو 1.8 ارب ڈالرز کے اثاثے ملینڈا فرنچ گیٹس کے نام منتقل کیے تھے۔

ملینڈا گیٹس ارب پتی

 کاسکیڈ انویسٹمنٹ کمپنی بل گیٹس کا اہم ترین اثاثہ ہے جو ان کی دولت، حصص اور جائیداد وغیرہ کو سنبھالنے، خریدنے یا فروخت کرنے کا کام کرتی ہے۔ بل گیٹس کی جانب سے حصص اسٹاک کو منتقل کرنے کا عمل طلاق کے معاملے کا ہی حصہ ہے۔

امریکی جریدے کے مطابق بل گیٹس دنیا کے چوتھے امیر ترین شخص ہیں جن کے اثاثہ جات کی مالیت 146 ارب ڈالرز ہے۔

عدالت میں دائر درخواست کے مطابق بل گیٹس اور ملینڈا فرنچ گیٹس نے جج سے کہا ہے کہ وہ ان کے اثاثے علیحدگی کے معاہدے کے تحت تقسیم کردیں۔

ایک رپورٹ کے مطابق ملینڈا فرنچ گیٹس اپنے شوہر سے طلاق لینے پر دنیا کی دوسری امیر ترین خاتون بن سکتی ہیں جن کی دولت 73 ارب ڈالرز ہوسکتی ہے۔

مائیکروسافٹ کے بانی بل گیٹس کے اثاثے 146 ارب ڈالرز کے قریب ہیں اور طلاق کی صورت میں یہ دونوں میں 50،50 فیصد تقسیم ہوسکتے ہیں۔

ملینڈا گیٹس ارب پتی
zeenews

طلاق کی درخواست میں یہ بھی انکشاف ہوا ہے کہ 1994 میں شادی کے بندھن میں بندھنے والے اس جوڑے نے شادی سے قبل معاہدہ (پری نپشل) نہیں کیا تھا۔ امریکی دارالحکومت واشنگٹن کے قانون کے تحت جوڑوں میں طلاق ہونے پر اثاثے مساوی بنیادوں پر تقسیم کردیے جاتے ہیں۔

امریکی میڈیا کے مطابق بل گیٹس اور ملینڈا فرنچ گیٹس کی طلاق کی کارروائی مکمل ہونے میں ایک سال کا عرصہ لگ سکتا ہے۔

متعلقہ تحاریر