رابرٹ ڈی نیرو نے راجر فیڈرر کو انکار کیوں کیا؟
رابرٹ ڈی نیرو کا کہنا ہے کہ سوئٹزرلینڈ بہت زیادہ خوبصورت ہے جو میری فلم کے لیے کسی بھی طور پر موزوں نہیں ہے۔

امریکی اداکار، ہدایتکار اور پروڈیوسر رابرٹ ڈی نیرو نے عالمی شہرت یافتہ ٹینس اسٹار راجر فیڈرر کو سوئٹزرلینڈ میں فلم بنانے سے انکار کردیا ہے۔
اگر کبھی آپ کو سوئٹزرلینڈ جانے کا اتفاق ہو تو آپ کو معلوم ہوگا کہ زمین پر ایسی بہت ہی کم جگہیں ہیں جن کے حیرت انگیز مناظر اور بے داغ خوبصورتی آپ کو ورطہ حیرت میں ڈال سکتے ہیں۔ سوئٹزرلینڈ میں برف کی چادر اوڑھے خوبصورت پہاڑ، قالین کی طرح پھیلی ہوئی گھاس، برف جمی جھیلیں اور ترتیب سے بنے ہوئے لکڑی کے گھر اپنی مثال آپ ہیں۔
یہ بھی پڑھیے
فلسطین سے افغانستان تک مسلمانوں کے لیے مشکلات
عالمی شہرت یافتہ ٹینس اسٹار راجر فیڈرر کو سوئٹزرلینڈ ٹورازم کا نیا سفیر مقرر کیا گیا ہے۔ سوئٹزرلینڈ کے ٹورازم کے ادارے نے سیاحت کی صنعت کو فروغ دینے کے لیے امریکی اداکار رابرٹ ڈی نیرو اور ٹینس اسٹار راجر فیڈرر کو تشہیری فلم میں مشترکہ طور پر شامل کیا ہے۔ بنیادی طور پر اس تشہیری فلم کا مقصد سوئٹزرلینڈ کی خوبصورتی کو اجاگر کرنا ہے۔
90 سیکنڈز کی تشہیری فلم میں راجر فیڈرر سوئٹزرلینڈ کے قدرتی نظارے، خوبصورت طلوع اور غروب آفتاب کے مناظر دکھاتے ہوئے رابرٹ ڈی نیرو کو سوئزرلینڈ میں ایک فلم کی شوٹنگ کے لیے راضی کر رہے ہیں۔
رابرٹ ڈی نیرو راجر فیڈرر سے پوچھتے ہیں کہ آپ کیسے ہیں؟ جواب میں راجر فیڈرر کہتے ہیں میں سوئٹزرلینڈ کی خوبصورتی کو دیکھتے ہوئے راحت محسوس کررہا ہوں۔ ساتھ ہی ویڈیو کال کے ذریعے رابرٹ ڈی نیرو کو سوئٹزرلینڈ کے خوبصورت پہاڑوں کے نظارے دکھاتے ہیں۔
ویڈیو میں دیکھا جاسکتا ہے کہ امریکی فلم ڈائریکٹر اور اداکار سوئٹزرلینڈ کے برف سے ڈھکے پہاڑوں کی تعریف کرتے ہیں جس پر راجر فیڈرر رابرٹ ڈی نیرو کو سوئٹزرلینڈ میں فلم بنانے کی پیشکش کرتے ہیں۔ جواب میں رابرٹ ڈی نیرو انکار کرتے ہوئے کہتے ہیں کہ ’ملک بہت خوبصورت ہے اور یہاں کے لوگ اتنے پیارے ہیں جو میری فلم کے لیے کسی بھی طور پر موزوں نہیں ہے۔ یہاں کوئی ڈرامہ نہیں ہے اور کہیں خطرات سے گھرے مناظر نہیں ہیں۔ سوئٹزرلینڈ ایک ٹاؤن کی طرح ہے جہاں صرف خوبصورتی ہی خوبصورتی ہے۔‘









