ماہرہ خان اور ژالے سرحدی رقیب سے کی مداح

حدیقہ کیانی نے ڈرامے کی کامیابی کا سہرا ہدایتکار کے سر پر سجایا۔

پاکستانی اداکارہ ماہرہ خان اور ژالے سرحدی ڈرامہ سیریل رقیب سے کی مداح ہوگئیں۔ دونوں فنکاراؤں نے سماجی رابطوں کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر پوسٹ میں ڈرامے کے ہدایتکار، مصنفہ اور اداکاروں کی تعریف کی ہے۔

پاکستان کی ٹی وی اسکرین پر ایک عرصے بعد ایسا ڈرامہ دیکھنے کو ملا ہے جو اپنی کہانی اور کرداروں کے اعتبار سے بالکل مختلف نوعیت کا ہے۔ رقیب سے کے مقصود صاحب ہوں یا حاجرا، سکینہ ہو یا امیراں، ہر کردار کی اپنی ایک الگ شخصیت ہے جس میں خوبیوں کے ساتھ ساتھ خامیاں بھی ہیں۔

ماہرہ خان نے اپنی ٹوئٹ میں رقیب سے کی تعریف کرتے ہوئے لکھا ہے کہ یہ ڈرامہ روح کو چھولیتا ہے۔ اداکارہ نے ہدایتکار کاشف نثار اور مصنفہ بی گل سمیت ڈرامے کی تمام کاسٹ کو ان کی بہترین اداکاری پر داد دی۔

یہ بھی پڑھیے

فریال محمود کی اداکارہ ثانیہ سعید کے کردار کی تعریف

ڈرامے میں سکینہ کا کردار نبھانے والی معروف گلوکارہ حدیقہ کیانی نے ماہرہ خان کا شکریہ ادا کیا اور ساتھ ہی لکھا کہ کاشف نثار اور ان کی ٹیم نے بی گل کی تحریر کو جس انداز سے ٹی وی پر دکھایا وہ قابل تعریف ہے۔

اداکارہ ژالے سرحدی نے بھی ماہرہ خان کی بات سے اتفاق کرتے ہوئے ٹوئٹ میں رقیب سے کی تعریف کی۔ ژالے نے ڈرامے کے اداکاروں اور ہدایتکار کو مخاطب کرتے ہوئے ان کے کام کو سراہا۔

واضح رہے ہم ٹی وی پر اگلے ہفتے ڈرامہ سیریل رقیب سے کی تئیسویں قسط نشر کی جائے گی۔

متعلقہ تحاریر