ایف بی آر کا پی او ایس مشین سے 100 ارب روپے ٹیکس وصولی کا ہدف مقرر
پی او ایس مشین نصب نہ کرنے والوں کی دکانیں، چین اسٹورز سیل کردیے جائیں گے۔
فیڈرل بورڈ آف ریونیو (ایف بی آر) نے نئے مالی سال 2021-22 میں ریٹیل کے شعبے سے منسلک تمام افراد کو پی او ایس مشین سے 100 ارب روپے کا ٹیکس وصولی کا ہدف مقرر کیا ہے۔
ایف بی آر نے نئے بجٹ میں عوام سے سیلز ٹیکس وصول کرکے سرکاری خزانے میں جمع کرانے کی بجائے جیب میں ڈالنے والے تاجروں اور دکان داروں کے خلاف کریک ڈاؤن کی تیاریاں کرلی ہیں۔ ٹیکس چوری روکنے کے لیے ملک بھر میں 5 لاکھ دکانوں، شاپنگ مالز، ہوٹلز اور ریسٹورنٹس کے پوائنٹ آف سیلز مشینز لگائی جائیں گی۔
فیڈرل بورڈ آف ریونیو نے خصوصی ہدایات جاری کرتے ہوئے کہا ہے کہ پوئنٹ آف سیلز مشین نصب نہ کرنے والوں کی دکانیں، چین اسٹورز سیل کردیے جائیں گے۔
یہ بھی پڑھیے
بجٹ میں ایف بی آر کو گرفتاری کا اختیار دینے پر تاجر پھٹ پڑے
نیوز 360 سے گفتگو کرتے ہوئے ایف بی آر کے حکام نے بتایا کہ بڑے بڑے ریٹیلرز کی سالانہ سیل 10 ہزار ارب روپے تک ہے جبکہ بڑے اسٹورز صرف 7 سو ارب روپے کی سیلز ڈیکلئر کرتے ہیں، جس کی وجہ سے ریٹیلرز سے تقریبا 15 ارب روپے تک ٹیکس وصول ہوتا ہے۔ یوں ایک اندازے کے مطابق 93 ارب روپے کا سالانہ سیلز ٹیکس چوری ہوتا ہے جسے نئے بجٹ میں وصول کیا جائے گا۔ ریٹیلرز کی سالانہ آمدن جی ڈی پی کا 20 فیصد کے لگ بھگ ہے جبکہ ریٹیلرز اپنی آمدن کا صرف 2 فیصد تک ٹیکس ادا کر رہے ہیں۔
کیا ٹیکس چور تاجر کے شناختی کارڈ سے گاڑی، پراپرٹی اور بینک بیلنس کی جانچ پڑتال ہوگی؟
فیڈرل بورڈ آف ریونیو کے حکام کو اب مختلف بڑے اسٹورز پر چھاپہ مارنے کا اختیار مل گیا ہے۔ تمام بڑے اسٹورز، کپڑے، جوتے، بیکری، مٹھائی کی دکانوں، ہوٹلز، کافی اور پیزا شاپس، برینڈز کی فرنچائز، چین اسٹورز، ڈیپارٹمنٹ اسٹورز کے کھاتے دیکھے جائیں گے۔
ایف بی آر کے حکام کے مطابق تمام اسٹورز مالکان کے شناختی کارڈ کے ذریعے ان پاس گاڑی، گھر، پراپرٹی، بینک بیلنس اور مہنگے کلب اور جمخانہ کی ممبر شپ کی تفصیلات حاصل کی جائیں گی۔ اس وقت 11 ہزار بڑے اسٹور پوائنٹ آف سیلز سے منسلک ہیں اور اب ان سیلز پوائنٹس کو 5 لاکھ تک پہنچایا جائے گا، کوشش ہوگی کہ 9 ہزار ارب روپے کی سیلز یا کاروباری لین دین پر سیلز ٹیکس کی وصولی کو یقینی بنایا جائے۔ ایف بی آر کے حکام کے مطابق اس سلسلے میں شاپنگ کرنے والوں کو ریٹیلرز پوائنٹ آف سیلز کی جنریٹڈ پرچی دیں گے، پرچی کے ذریعے ماہانہ کی بنیاد پر انعامات مل سکیں گے۔