جائیداد میں حصہ مانگنے پر بھائیوں کا بہن پر تشدد
خاتون پر تشدد کی ویڈیو وائرل ہونے کے بعد ملزمان کو گرفتار کرلیا گیا۔

خیبرپختونخوا کے دارالحکومت پشاور میں بہن کو جائیداد میں حصہ مانگنے پر 2 بھائیوں نے بہیمانہ تشدد کا نشانہ بنایا۔ پولیس نے تشدد کی ویڈیو وائرل ہونے کے بعد کارروائی کرتے ہوئے دونوں ملزمان کو گرفتار کرلیا ہے۔
سماجی رابطوں کی مختلف ویب سائٹس پر گزشتہ روز ایک ویڈیو وائرل ہوئی جس میں 2 افراد کو ہیلمٹ اور ہتھوڑی سے خاتون پر تشدد کرتے ہوئے دیکھا گیا۔ پولیس کے مطابق بھانہ ماڑی کی حدود میں آفتاب اور ارشد نے جائیداد میں حصہ مانگنے پر بہن کو بہیمانہ تشدد کا نشانہ بنایا، ماں بچانے آئی تو اس پر بھی تشدد کیا گیا اور جان سے مارنے کی دھمکیاں دی گئیں۔
پولیس نے دو ملزمان کو حراست میں لے لیا۔ دوران تفتیش ملزمان نے بہن پر تشدد کرنے کا اعتراف بھی کرلیا۔
فیس بک پر ایک ویڈیو اپلوڈ ہوئی ہے جس میں ملزمان کو ایک خاتون پر تشدد کرتے دکھایا گیا ہے
ویڈیو منظر عام پر آنے کے بعد کپیٹل سٹی پولیس نے فوری کارروائی کرتے ہوئے دو ملزمان آفتاب اور ارشد پسران عبدالحنان ساکنان امین کالونی کو حراست میں لے کر حوالات منتقل کر دیا ہے pic.twitter.com/IXDLrIP0BT
— KP Police (@KP_Police1) July 3, 2021
یہ بھی پڑھیے
شہباز شریف نے مریم نواز کو جلسے میں شرکت سے روک دیا؟
متاثرہ خاتون کو طبی امداد کے لیے اسپتال منتقل کردیا گیا۔ میڈیکل رپورٹ کے بعد ملزمان کے خلاف مقدمہ درج کیا جائے گا۔
متاثرہ خاتون بدر سلطان کا کہنا ہے کہ 2017 میں بھی بھائیوں نے اس پر تشدد کیا تھا جس کے بعد بیٹے نے کمرے میں کیمرا نصب کروا دیا تھا۔ انہوں نے بتایا کہ اگر آج بھی کیمرا نہ ہوتا تو معاملہ دبا دیا جاتا۔
پشاور میں ایکسپریس نیوز کے بیورو چیف نے ویڈیو کو سوشل میڈیا پر شیئر کیا ہے۔
جب بہن وراثت مانگ لیتی ہے اپنے پختون مسلمان بھائیوں سے تو پھر یہ حشر ہوتا ہے pic.twitter.com/LvTxJFchH4
— JB (@JBaghwan) July 3, 2021









