یاسرہ رضوی کا بیٹے کی پرورش سے متعلق اہم اعلان
اداکارہ کا کہنا ہے کہ بیٹے کو ایسا مرد بناؤں گی کہ وہ معاشرے کیلئے خطرہ ثابت نہ ہو۔
پاکستانی اداکارہ یاسرہ رضوی نے فوٹو شیئرنگ ایپ انسٹاگرام پر پوسٹ میں لکھا کہ وہ اپنے بیٹے کی پرورش اس طرح کریں گی کہ وہ بڑا ہوکر معاشرے کے کسی بھی فرد کے لیے خطرہ نہ بنے۔
یاسرہ رضوی ملک میں خواتین پر بڑھتے تشدد اور قتل و غارت کے واقعات کے خلاف اکثر آواز اٹھاتی ہیں۔ مئی میں بیٹے کی پیدائش کے بعد بھی یاسرہ رضوی نے اس حوالے سے سوشل میڈیا پر کافی کچھ لکھا۔ حالیہ انسٹاگرام پوسٹ میں اداکارہ نے اس عزم کا اظہار کیا کہ وہ اپنے بیٹے کی درست انداز میں تربیت کریں گی اور اسے معاشرے کا ایک ایسا سرگرم رکن بنائیں گی جو کسی بھی فرد کے لیے خطرہ نہیں ہوگا۔
اداکارہ نے مزید لکھا کہ وہ بیٹے کی ایسی تربیت کریں گی کہ وہ بڑا ہوکر دوسروں کا ہمدرد بنے گا، ان کا احساس کرے گا اور انصاف پسند ہوگا۔ جس سے خواتین کو کوئی خطرہ نہیں ہوگا اور نہ ہی اس کے پاس مرد ہونے کی وجہ سے دوسروں کو ہراساں کرنے کا لائسنس ہوگا۔
View this post on Instagram
یہ بھی پڑھیے
یاسرہ رضوی نے کہا کہ انہیں نہیں معلوم کہ معاشرے میں موجود غلیظ انسانوں سے چھٹکارہ کیسے حاصل کیا جائے لیکن وہ جانتی ہیں کہ مستقبل میں معاشرے کو محفوظ بنانے کے لیے ابھی سے ہم سب کو اپنا کردار ادا کرنا ہوگا۔ اس سلسلے میں بیٹوں کی سخت نگرانی کرکے ان کی بہتر انداز سے پرورش کرنی ہوگی۔
یاسرہ رضوی کی انسٹاگرام پوسٹ پر شوبز کی مختلف شخصیات اور مداحوں نے کمنٹس کیئے اور اداکارہ سے اتفاق کرتے ہوئے کہا کہ معاشرے کی ہر ماں کو ایسا کردار نبھانا پڑے گا۔









