ٹویوٹا گاڑیوں کی ریکارڈ فروخت معیشت کی ترقی کی ضامن؟
آٹوموبائل کی بڑھتی ہوئی فروخت نے پیٹرول کی کھپت کو بھی بڑھادیا ہے۔
ٹویوٹا نے جولائی میں ہونے والی گاڑیوں کی فروخت کو ریکارڈ سیل قرار دیا جسے حکومت معیشت کی ترقی سمجھتی ہے۔ وزیر اعظم کے معاون خصوصی برائے سیاسی ابلاغ ڈاکٹر شہباز گل نے اس حوالے سے سوشل میڈیا پر خصوصی پیغام شیئر کیا۔
پچھلے ماہ ٹویوٹا نے 6 ہزار 775 یونٹ فروخت کیے جو 1993 میں اپنے قیام کے بعد سے اب تک کمپنی کی ایک ماہ میں گاڑیوں کی سب سے زیادہ سیل ہے۔
وزیر اعظم کے معاون خصوصی برائے سیاسی ابلاغ ڈاکٹر شہباز گل نے سماجی رابطوں کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر پیغام میں ٹویوٹا کی ریکارڈ سیل کو معیشت کی ترقی سے جوڑا۔ انہوں نے بتایا کہ پاکستان دنیا میں چوتھا سب سے زیادہ موٹر سائیکل بنانے والا ملک ہے۔ ڈاکٹر شہباز گل نے اپنے ٹوئٹر پیغام میں مزید کہا کہ جولائی میں گاڑیوں کے علاوہ ریکارڈ موٹر سائیکلز بھی فروخت ہوئی ہیں۔
اس سال جولائی کے مہینے میں گاڑیاں بنانے والی کمپنی ٹیوٹا نے پاکستان کی تاریخ کی سب سے زیادہ کاریں بیچیں۔ اس سے صاف ظاہر ہے کہ اکانومی بہتر ہوئی ہے۔ اسی سال ریکارڈ موٹر سائیکل بھی بکے۔ اور اب پاکستان تقریباً دنیا میں چوتھا سب سے زیادہ موٹر سائیکل بنانے والا ملک ہے۔الحمدللّٰہ pic.twitter.com/v2lBIsScg2
— Dr. Shahbaz GiLL (@SHABAZGIL) August 2, 2021
یہ بھی پڑھیے
برآمدات اور ٹیکس محصولات میں اضافہ مگر ڈالر کی اونچی اڑان
دریں اثنا آٹوموبائل کی بڑھتی ہوئی فروخت نے پیٹرول کی کھپت کو بھی بڑھادیا ہے۔ جولائی میں تقریباً 0.81 ملین ٹن پیٹرول استعمال کیا گیا۔ یہ تعداد پچھلے سال جولائی سے 12.5 فیصد اور جون سے 4 فیصد زیادہ تھی۔









