کراچی میں غیر رجسٹرڈ گاڑیوں کے ذریعے جرائم میں اضافہ
پولیس کا کہنا ہے کہ غیر رجسٹرڈ گاڑیوں اور اسلحے کی نمائش کے خلاف کارروائی کا سلسلہ جاری رہے گا۔
کراچی میں جرائم کی وارداتوں میں غیر رجسٹرڈ گاڑیاں استعمال کیے جانے کے انکشاف کے بعد ساؤتھ زون پولیس نے خصوصی مہم کا آغاز کردیا ہے۔ پوش علاقوں میں پولیس کے اضافی ناکے لگا دئیے گئے ہیں۔
شہر قائد میں جرائم کی بڑھتی ہوئی وارداتوں پر قابو پانے کے لیے پولیس نے پوش علاقوں میں نئی حکمت عملی اپناتے ہوئے ایک اور مہم کا آغاز کردیا ہے۔ نئی مہم کے دوران ساؤتھ زون میں پولیس کی اضافی سیکیورٹی چیک پوائنٹس قائم کردی گئی ہیں۔ ڈسٹرکٹ پولیس کے ساتھ ٹریفک پولیس اہلکار بھی ناکوں پر موجود ہیں۔
ایس ایس پی ساؤتھ زبیر نذیر شیخ کا کہنا ہے کہ اضافی ناکوں پر موجود اہلکار و افسران اپلائیڈ فار رجسٹریشن اور سیاہ شیشے والی گاڑیوں کے کاغذات خصوصی طور پر چیک کرنے کے ساتھ فینسی نمبر پلیٹ نصب کرنے والوں کے خلاف بھی کارروائی کررہے ہیں۔ صرف یہی نہیں بلکہ ٹریفک پولیس کی مدد سے رنگین شیشوں اور فینسی نمبر پلیٹس والی گاڑیوں کے چالان کے ساتھ مقدمات بھی درج کیے جارہے ہیں۔
یہ بھی پڑھیے
تاریخی سرمایہ کاری حاصل کرنے پر وزیراعظم کی ایئرلفٹ کو مبارکباد
ایس ایس پی ساؤتھ کا کہنا ہے کہ بڑی پرائیوٹ گاڑیوں میں سوار سادہ لباس میں ملبوس مسلح افراد کے اسلحے کے لائسنس بھی چیک کیے جارہے ہیں۔ پولیس کے مطابق اسلحے کی نمائش کی کسی طرح بھی اجازت نہیں ہے، اسی لیے پولیس مسلح سیکیورٹی گارڈز کے اسلحے کی جانچ بھی کررہی ہے۔ پولیس نے سیکیورٹی گارڈز کے ہمراہ گھومنے والے شہریوں کو اسلحے کی نمائش سے گریز کرنے کی اپیل کی ہے۔ بصورت دیگر انہیں پولیس کی کارروائی کا سامنا کرنا پڑسکتا ہے۔
پولیس حکام کا دعویٰ ہے کہ کئی وارداتوں میں غیر رجسٹرڈ گاڑیاں استعمال کیے جانے کے انکشاف پر ماتحت افسران و اہلکاروں کو ہدایات دی گئی ہیں کہ غیر رجسٹرڈ گاڑیوں کے خلاف بلا امتیاز کارروائی عمل میں لائی جائے۔