کورنگی ٹاؤن میں کیمیکل فیکٹری میں آتشزدگی، 13 افراد جاں بحق
فائر بریگیڈ حکام کا کہناہے کہ آگ بجھانے کے عمل میں 8 گاڑیاں اور ایک اسنارکل حصہ لے رہا ہے۔

کراچی میں کورنگی کے علاقے مہران ٹاؤن فیکٹری میں آگ لگنے سے 14 افراد جاں بحق ہو گئے ہیں۔ پولیس حکام کا کہنا ہے کہ ابتدائی طور پر آگ لگنے کی وجوہات کا پتا نہیں چل سکا۔
مہران ٹاؤن میں قائم کیمیکل فیکٹری میں اچانک آگ بھڑک اٹھی جس نے دیکھتے ہی دیکھتے پوری فیکٹری کو اپنی لپیٹ میں لے لیا۔ میڈیا رپورٹس کے مطابق آگ فیکٹری کی دوسری منزل پر لگی ہے جبکہ آگ پر قابو پانے کے بعد کولنگ کا عمل جاری ہے۔
یہ بھی پڑھیے
معدومیت کا شکار انڈس ڈولفن پنو عاقل میں لوگوں کے ہاتھوں ہلاک
کیمیکل فیکٹری میں آگ کی اطلاع پر فائر بریگیڈ کی گاڑیاں جائے واقعہ پر پہنچ گئیں اور امدادی کارروائیاں شروع کردی ہیں۔ آگ بجھانے کے لیے درجنوں گاڑیاں آپریشن میں حصہ لے رہی ہیں۔
پولیس حکام کا کہنا ہے کہ اب تک فیکٹری سے 14 افراد کی لاشوں کو نکال لیا گیا ہے۔ جبکہ فیکٹری کے اندر متعدد افراد کی موجودگی کی اطلاعات ہیں۔ ضلعی انتظامیہ نے قریبی اسپتالوں میں ایمرجنسی نافذ کردی ہے جبکہ لوگوں سے خون کے عطیات کی اپیل کی جارہی ہے۔
دوسری جانب وزیراعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ نے کیمیکل فیکٹری میں آتشزدگی کا نوٹس لے لیا ہے۔ انہوں نے پولیس حکام سے رپورٹ طلب کرلی ہے۔ سید مراد علی شاہ کا کہنا ہے کہ زخمیوں کو بہترین طبی سہولتیں فراہم کی جائیں۔ علاج کا خرچہ سندھ حکومت اٹھائے گی۔









