پاکستان میڈیا ڈویلپمنٹ اتھارٹی بل کا مقصد پولیسنگ نہیں، فرخ حبیب
وزیر مملکت کا کہنا ہے کہ ملک میں ڈیجیٹل میڈیا کا کوئی میکنزم ہونا چاہیے۔
وزیرِ مملکت برائے اطلاعات و نشریات فرخ حبیب نے کہا ہے کہ پاکستان میڈیا ڈویلپمنٹ اتھارٹی (پی ایم ڈی اے) بل کا مقصد پولیسنگ نہیں بلکہ میڈیا کی ڈویلپمنٹ کرنا ہے۔
اسلام آباد میں نیوز 360 سے گفتگو کرتے ہوئے وزیر مملکت کا کہنا تھا کہ حکومت الیکٹرانک یا ڈیجیٹل میڈیا پر کوئی قدغن نہیں لگا رہی۔ اس بل پر تمام اسٹیک ہولڈرز سے مشاورت جاری ہے۔
یہ بھی پڑھیے
معاشی صورتحال اور وزیر خزانہ کے مختصر ، درمیانی اور طویل مدتی منصوبے
فرخ حبیب کا کہنا تھا کہ "پاکستان میڈیا ڈیولپمنٹ اتھارٹی بل کا مقصد میڈیا کی ڈیویلپمنٹ ہے۔ انہوں نے کہا ہے کہ "ہمارا فوکس یہ ہے کہ صحافی برادری ، ورکنگ جرنلسٹس اور میڈیا ورکرز کو ملازمت کا تحفظ ملنا چاہیے، جسے اس بل میں یقینی بنایا جا رہا ہے۔”
ان کا کہنا تھا کہ غلط خبروں کی اشاعت کو روکنا بہت ضروری ہوگیا ہے اس حوالے سے کام بھی جاری ہے۔ فرخ حبیب نے کہا کہ ملک میں ڈیجیٹل میڈیا اشتہارات لے رہا اور پیسے کماریا ہے۔ ڈیجیٹل میڈیا کا بھی کوئی میکنزم ہونا چاہیے۔
انہوں نے کہا کہ وہ انفرادی معاملات نہیں بلکہ وہ نیٹ فلیکس، یو ٹیوب اور فیس بک جیسے ڈیجیٹل میڈیا کی بات کررہے ہیں کہ ان کے دفتر پاکستان میں ہونے چاہئیں تاکہ وہ ایک فریم ورک میں کام کرسکیں۔
انہوں نے کہا کہ ان اقدامات کا بڑا مقصد میڈیا ڈیولپمنٹ ہے اور کسی قسم کی کوئی قدغن لگانا نہیں۔ سوشل میڈیا پر کوئی پابندی یا قدغن نہیں لگائی جاسکتی ہم چاہتے ہیں کہ تمام میڈیا کی آزادی بھی قائم رہے اور وہ ذمہ دارانہ طور پر کام بھی کرتے رہیں۔
واضح رہے کہ اس سے قبل وفاقی وزیر فواد چوہدری نے اپنے ایک انٹرویو میں کہا تھا کہ”ہم نے کمیٹی بنائی جس نے تمام صحافتی تنظیموں سے میڈیا اتھارٹی پر اعتراضات پر بات کی ہے۔”
ہم نے کمیٹی بنائی جس نے تمام صحافتی تنظیموں سے میڈیا اتھارٹی پر اعتراضات پر بات کئی۔ ہم نے انہیں کہا میڈیا ورکرز کو ٹربیونلز کے حق، فیک نیوز پر جرمانوں کے علاوہ چاہے سارا قانون بدل لیں ہمیں پرابلم نہیں۔ ن لیگ، پیپلز پارٹی ورکر کی بجائے میڈیا مالکان کے ساتھ کھڑی ہے۔@fawadchaudhry pic.twitter.com/HQAfaPru6G
— Fawad Chaudhry (Updates) (@FawadPTIUpdates) August 27, 2021