لاؤڈ اسپیکر ایکٹ کی خلاف ورزی، ریڑھی بانوں کے خلاف درخواست دائر
ایڈووکیٹ انوار ڈار کا کہنا ہے میگا فون کے استعمال سے مریض ، عمر رسیدہ افراد اور طلباء شدید ہیجانی کیفیت کا شکار ہیں۔
معروف قانون دان انوار ڈار ایڈووکیٹ نے لاﺅڈ اسپیکر ایکٹ کی خلاف ورزی کرتے ہوئے بلند آواز میں مختلف اشیاء فروخت کرنے والے ریڑھی بانوں اور پھیری والوں کے خلاف راولپنڈی میں اندراج مقدمہ کی درخواست دے دی ہے۔
ایڈووکیٹ انوار ڈار نے پولیس اور انتظامیہ کو دی جانے والی درخواست میں موقف اختیار کرتے ہوئے مطالبہ کیا ہے کہ محلوں میں لاﺅڈ اسپیکر ایکٹ کی خلاف ورزی فوری روکی جائے اور اس حوالے سے ٹھوس اقدامات کیے جائیں۔
یہ بھی پڑھیے
راولپنڈی پولیس کا شہید ایس ایچ او عمران عباس کو انوکھا خراج عقیدت
نیوز 360 سے گفتگو کرتے ہوئے قانون دان انوار ڈار کا کہنا تھا کہ راولپنڈی شہر، کینٹ اور اسلام آباد کے گلی محلوں میں لاﺅڈ اسپیکر کے ذریعے آوازیں لگا کر مختلف اشیاء فروخت کرنے والے ریڑھی بانوں اور پھیری والوں نے شہریوں کو شدید ذہنی اذیت میں مبتلا کر رکھا ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ راولپنڈی، چکلالہ کینٹ اور اندرون شہر کے بیشتر علاقوں میں چھلی ، سبزی فروٹ ، آئس کریم ، کباڑیا ، بھکاری مافیا و دیگر اشیا بیچنے والے ریڑھی بانوں نے اسپیکرز اور میگا فونز کا استعمال شروع کررکھا ہے، جس کی وجہ سے کینٹ و شہر کے رہائشی بالخصوص مریض ، عمر رسیدہ افراد اور طلباء بری طرح سے متاثر ہو رہے ہیں۔
ایڈووکیٹ انوار ڈار کا کہنا تھا کہ پھیری والے اور بھکاری سارا دن شہریوں کی ناک میں دم کیے رکھتے ہیں اور ریڑھی بان ہمہ وقت میگافونز اور اسپیکرز کے ذریعے اونچی آواز میں شہریوں کا سکون غارت کرنے میں مصروف رہتے ہیں۔
انوار ڈار ایڈووکیٹ نے کہاکہ گلی محلوں میں اشیاء فروخت کرنے والوں کی جانب سے سارا دن ایمپلی فائر ایکٹ کی صریح خلاف ورزی کا عمل جاری رہتا ہے جو نجی زندگی میں مداخلت ہے اور شہریوں کے آرام و سکون میں خلل پڑتا ہے۔
انہوں نے بتایا کہ مذکورہ بالا تمام افراد کے خلاف پولیس تھانہ آر اے بازار راولپنڈی میں باقاعدہ درخواست بھی دے دی گئی ہے۔