نوسربازوں نے شہروز کاشف اور طلحہ طالب کو لاکھوں کا چونا لگا دیا
خود کو وفاقی وزیر غلام سرور ظاہر کرنے والے فراڈیے نے دونوں قومی ہیروز سے 7 لاکھ 35 ہزار روپے ہتھیا لیے۔

فراڈیوں نے دو قومی ہیروز کو بھی شکار کرلیا ہے۔ نوسربازوں نے وفاقی وزیر غلام سرور کے پرسنل اسسٹنٹ بن کر شہروز کاشف اور اولمپیئن ویٹ لفٹر طلحہ طالب کو لاکھوں روپے کا چونا لگا دیا ہے۔
تفصیلات کے مطابق رواں سال میں پاکستان کو بڑے بڑے اعزاز دلوانے والے قومی ہیروز کے ساتھ فراڈ ہوگیا۔ "کے ٹو” کی چوٹی کو سرکرنے والے لاہور کے شہروز کاشف اور گوجرانوالہ سے تعلق رکھنے والے اولمپیئن ویٹ لفٹر طلحہ طالب کو چونا لگ گیا۔
یہ بھی پڑھیے
ورلڈ سائیکلنگ چیمپئن شپ میں پہلی بار پاکستان کی نمائندگی کرنے والی اسماء جان
فراڈیے شخص نے وفاقی وزیر غلام سرور بن کر دونوں کو کال کی اور دونوں قومی ہیروز کو لاکھوں کا ٹیکا لگا دیا۔
نامعلوم نوسرباز نے خود کو وفاقی وزیر ظاہر کر کے قومی ہیرو کر گاڑی دینے کی پیش کش کرتے ہوئے ڈیوٹی چارجز کے نام پر پیسے ارسال کرنے کا کہا، قومی ہیرو کو ٹیکس اور گاڑی رجسٹرڈ کروانے کی مد میں لاکھوں روپے فوری موبائل اکاؤنٹ میں جمع کروانے کا بھی کہا۔
قومی ہیروز نے وفاقی وزیر کا سن کر لاکھوں روپے منتقل کردیئے۔ فراڈ کرنے والا شخص وفاقی وزیر غلام سرور اور کبھی پی اے کا نام استعمال کرتا رہا تھا۔
فراڈ کا پتا چلنے پر طلحہ طالب اور شہروز کاشف کے والد کی جانب سے مقدمہ درج کروانے کی درخواست دے دی گئی ہے۔
طلحہ طالب کے والد نے بتایا کہ فون کال پر شخص نے کہا کہ آپ ہمیں تین لاکھ پچیس ہزار روپے ٹرانسفر کر دیجیئے اور کل ڈرائی پوٹ سے گاڑی موصول کرلیں ، جبکہ 3 لاکھ پچیس ہزار روپے کے علاوہ 35 ہزار روپے "جاز کیش” کیے گئے۔
کے ٹو سر کرنے والے شہروز کاشف کے والد محمد کاشف نے نیوز 360 کو بتایا کہ جمعہ کے روز صبح فون کال آئی جس میں وفاقی وزیر بن کر گاڑی دینے کا دعویٰ کیا، ہمیں دو لاکھ پچاسی ہزار جمع کروانے کو کہا گیا، ہم نے دو لاکھ پچاسی ہزار ان کے اکاؤنٹ میں جمع کروایا، ایف آئی اے میں شکایت درج کروانے جارہا ہوں ادھر طلحہ طالب کے والد اسلام ناطق نے بھی اندراج مقدمہ کی درخواست جمع کراتے ہوئے وزیراعظم سٹیزن پورٹل پر بھی شکایت درج کرادی ہے۔









