مریم نواز ماڈل نہیں سیاسی قائد ہیں، عامر متین کی حنا پرویز پر تنقید
عامر متین نے کہا آپ کی مستقبل کی وزیراعظم کو سیاسی ذہانت کے ساتھ پروموٹ کیا جانا چاہیے نا کہ ان کے برانڈڈ کپڑوں اور جوتوں کےساتھ

رکن پنجاب اسمبلی اور مسلم لیگ نون کی رہنما حنا پرویزبٹ کو مسلم لیگ نواز کی نائب صدر مریم نوازکو” اسٹائل کوئین ” کہنا مہنگا پڑگیا عامر متین نے رکن اسمبلی کو آڑے ہاتھوں لیتے ہوئے کہا ہے کہ آپ کی مستقبل کی وزیراعظم کو سیاسی ذہانت کے ساتھ پروموٹ کیا جانا چاہیے ناکہ ان کے برانڈڈ ملبوسات کی تشہیر کرنا چاہئے ۔
گذشتہ روز حنا پرویزبٹ نے اپنے ٹوئٹر اکاؤنٹ سے مریم نواز کی تصاویر شیئر کی اور اس کے ساتھ "اسٹائل کوئین” کا کیپشن تحریر کیا، ان کی اس تصویرپر سینئر صحافی عامرمتین نے حنا پرویز بٹ کی ٹویٹ کو ری ٹویٹ کرتے ہوئے شورہ دیتے ہوئے کہا ہے کہ "احترام کے ساتھ، آپ مریم نواز شریف کی ایسی تصاویر شیئر کرکے اور انہیں ملکہ یا شہزادی قراردے کر ان کی بطور ماڈل برانڈنگ کرررہی ہیں، آپ کی مستقبل کی وزیراعظم کو سیاسی ذہانت کے ساتھ پروموٹ کیا جانا چاہیے نا کہ ان کے برانڈڈ کپڑوں اور جوتوں کےساتھ۔
یہ بھی پڑھیے
حنا پرویز بٹ پر سوشل میڈیا صارفین کی تنقید
عامرمتین نے مزید کہا کہ یہ شہزادی کا برانڈ مریم کے ‘ووٹ کو عزت دو’ کے نعرے کے ساتھ نہیں جچتا،ہمارے پاس پہلے ہی کافی رائلٹی موجود ہے تاہم آپ روزانہ اعلیٰ فیشن کے لیے اپنے شوق کی پیروی کرنے کے لیے آزاد ہیں لیکن اپنے شیئر کردہ مواد پر بھی توجہ دیا کریں۔
سینئر صحافی کا کہنا تھا کہ ہم سیاسی جماعتوں سے خواتین کے کوٹے کو مضبوط سیاسی جڑوں سے وابستہ خواتین سے بھرنے کی امید رکھتے ہیں نا کہ ان سیٹوں کو ڈولیوں، چاچیوں، ماسیوں سے بھرا جائے جیسا کہ زیادہ تر سیاسی جماعتیں کرتی ہیں، ایسی ذہنی بیمار سوچ کی حوصلہ شکنی ہونی چاہیے۔
عامر متین نے اپنی خواتین ساتھیوں سے اپنے بیان پر معافی بھی مانگی اور کہا کہ میرے اس بیان سے بدگمان ہونے کی ضرورت نہیں ہے مجھے یقین ہے کہ مریم نواز ایسی پروموشن کو پسند نہیں کرتی ہوں گی، حالانکہ ان کی متعدد تصاویر ایک جیسے پوز میں ہوتی ہیں یا یہ آپ لوگ انہیں خوش کرنے کیلئے کرتے ہوں گے۔انہوں نے کہا معاملہ جو بھی ہے ایسی پروموشن انہیں سیاسی میدان میں کسی بھی طرح کا فائدہ نہیں دے گی، کیونکہ بینظیر بھٹو کا مقام ان ذہانت کی وجہ سے تھا ان کی بے مثال خوبصورتی کی وجہ سے نہیں۔