آئی ایم ایف ڈائریکٹر نے پاکستانی میڈیا کی جھوٹی خبر کا بھانڈا پھوڑ دیا
پاکستان کو ملنے والے چھ ارب ڈالر کے قرضے کی نئی قسط کے لیے مذاکرات اچھے مرحلے میں داخل ہوچکے ہیں، آئی ایم ایف ڈائریکٹر جہاد ازور
آئی ایم ایف کے مشرقِ وسطیٰ اور وسط ایشیا کے ڈائریکٹر جہاد ازور نے کہا ہے کہ عالمی مالیاتی ادارے اور حکومتِ پاکستان کے مذاکرات درست سمت میں پیش رفت کررہے ہیں۔ یہ بات انہوں نے ایم جی نیوز سے بات کرتے ہوئے کہی۔
ڈائریکٹر جہاد ازور کا کہنا تھا کہ ای ایف ایف(Extended Fund Facility) کے تحت پاکستان کو ملنے والے چھ ارب ڈالر کے قرضے کی نئی قسط کے لیے مذاکرات اچھے مرحلے میں داخل ہوچکے ہیں۔
یہ بھی پڑھیے
آئی ایم ایف نے شوکت ترین کے دعوے کی تصدیق کردی
ایشیائی ترقیاتی بینک کا پاکستان کو 30 کروڑ ڈالرزکا قرضہ
"پاکستان کے لیے مقرر کردہ آئی ایم ایف مشن اور پاکستانی عہدیداران کے درمیان ای ایف ایف پروگرام سے متعلق چھٹی میٹنگ جاری ہے، یہ مذاکرات قرض پروگرام کے مختلف نکات پر مبنی ہیں اور حکومت پاکستان مختلف اقدامات پر غور کررہی ہے”، ان خیالات کا اظہار جہاد ازور نے ایم جی نیوز سے کیا۔
دوسری طرف پاکستانی وزیر خزانہ شوکت ترین کے ترجمان مزمل اسلم نے ٹویٹ کرتے ہوئے کہا کہ "وزیراعظم کے معاون خصوصی برائے خزانہ شوکت ترین آئی ایم ایف سے جاری مذاکرات میں شرکت کے لیے واشنگٹن پہنچ گئے ہیں، مذاکرات کے بغیر کسی نتیجے کے ختم ہونے کی میڈیا رپورٹس بےبنیاد ہیں”۔
قبل ازیں، پاکستانی رپورٹر شہباز رانا نے وزارت خزانہ کے وفد اورعالمی مالیاتی ادارے کے مابین ہونے والے مذاکرات کی ناکامی کی افواہ پھیلائی تھی جسے بعد ازاں ذرائع ابلاغ نے بغیر تصدیق کے شائع اور نشر کرکے الجھن پیدا کردی تھی۔









