آئی ایم ایف نے شوکت ترین کے دعوے کی تصدیق کردی

ترجمان آئی ایم ایف کے مطابق پاکستان کے لیے 6 ارب ڈالرز کے امدادی پیکج پر بات چیت جاری ہے۔

عالمی مالیاتی ادارے (آئی ایم ایف) کے ترجمان گیری رائس نے پاکستان کے وزیر خزانہ شوکت ترین کے دعوے کی تصدیق کرتے ہوئے کہا ہے کہ پاکستان کے لیے 6 ارب ڈالرز کے بیل آؤٹ پیکج کو روکا نہیں گیا بلکہ بات چیت جاری ہے۔ مالی سال 2021-22 کے بجٹ کے بعد حزب اختلاف کی جماعتوں نے آئی ایم ایف کی جانب سے امدادی پیکج روکنے کا دعویٰ کیا تھا۔

گزشتہ روز امریکی ریاست نیویارک میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے عالمی مالیاتی ادارے (آئی ایم ایف) کے ترجمان گیری رائس نے کہا کہ پاکستانی حکام کے ساتھ تعمیری بات چیت کا سلسلہ جاری ہے۔ آئی ایم ایف پاکستان کے معاشی استحکام اور پائیدار ترقی کے لیے اپنا تعاون جاری رکھے گا۔

یہ بھی پڑھیے

ایزی پیسہ کے ذریعے 3 کروڑ 20 لاکھ بلوں کی ادائیگی

گیری رائس نے کہا کہ ہم چاہتے ہیں کہ پاکستان حاصل شدہ قرضے کو توانائی اور سماجی شعبوں کی ترقی کے لیے استعمال کرے۔ پاکستان کو ملک میں جاری اصلاحات کے پروگرام میں تیزی لانا ہوگی۔ اگر وصولیاں مستحکم ہوئیں تو پالیسیز پر عملدرآمد میں تیزی لانا ضروری ہوگا۔ پاکستان کی معیشت کو درپیش چند چیلنجز دور کرنے کی ضرورت ہے۔

ادھر بدھ کے روز قومی اسمبلی کی قائمہ کمیٹی برائے خزانہ کے اجلاس سے گفتگو کرتے ہوئے وزیر خزانہ شوکت ترین نے دعویٰ کیا تھا کہ قرض کی وصولی کے لیے بات چیت جاری ہے اور آئی ایم ایف نے مکمل تعاون کی یقین دہانی کرائی ہے۔

شوکت ترین کا کہنا تھا کہ آئی ایم ایف کے پاکستان کے لیے چھٹے اور ساتویں بیل آؤٹ پیکج کی منظوری ستمبر میں دے دی جائے گی۔

وفاقی حکومت کے مالی سال 2021-22 کے بجٹ کے بعد آئی ایم ایف کا پروگرام کھٹائی میں پڑتا دکھائی دے رہا تھا۔ پاکستان میں حزب اختلاف کی جماعتوں نے دعویٰ کیا تھا کہ آئی ایم ایف نے پاکستان کے لیے اپنا امدادی پروگرام روک دیا ہے کیونکہ بجٹ میں آئی ایم ایف کی شرائط کے مطابق بجلی کے نرخ بڑھانے اور نئے ٹیکس سے انکار کیا گیا ہے۔

واضح رہے کہ وزیرخزانہ شوکت ترین نے رواں ماہ کے اوائل میں کہا تھا کہ ایک ایسے وقت میں آئی ایم ایف کے پروگرام سے نکلنا ممکن نہیں جب ملک کی معیشت بہتری کی جانب گامزن ہو۔ جبکہ گزشتہ روز آئی ایم ایف کے ترجمان نے پاکستان کے ساتھ قرض پروگرام کے حوالے سے بات چیت جاری ہونے کی تصدیق کردی ہے۔

متعلقہ تحاریر