بحران میں پھنسی پاکستانی معیشت کے لیے ایک اور اچھی خبر
آئی ٹی ایف سی اور وزارت اقتصادی امور ڈویژن کے درمیان761.5ملین ڈالر کا معاہدہ طے پاگیا
بحران میں پھنسی پاکستانی معیشت کے لیے ایک اور اچھی خبر آگئی۔ ایشیائی ترقیاتی بینک کی جانب سے 600ملین ڈالر کے سماجی تحفظ پیکیج کی یقین دہانی کے بعد انٹرنیشنل اسلامک ٹریڈ فنانس کارپوریشن (آئی ٹی ایف سی)نے بھی پاکستان کے ساتھ 761.5ملین ڈالر کا مالیاتی معاہدہ کرلیا۔ معاہدہ فوری طور قابل عمل ہوگا۔
وزارت اقتصادی امور اور انٹرنیشنل اسلامک ٹریڈ فنانس کارپوریشن (آئی ٹی ایف سی ) کے درمیان 76کروڑ 15لاکھ ڈالر کے مالیاتی معاہدے پر دستخط ہوگئے۔
یہ بھی پڑھیے
اے ڈی بی دسمبر میں پاکستان کو 600 ملین ڈالر فراہم کرے گا
معاہدے کے تحت خام تیل، ریفائنڈ پیٹرولیم مصنوعات اور ایل این جی وغیرہ کی درآمد کی جاسکے گی ۔معاہدے کے تحت پاکستان اسٹیٹ آئل کمپنی لمیٹڈ (PSO)، پاک عرب ریفائنری لمیٹڈ (PARCO) اور پاکستان ایل این جی لمیٹڈ (PLL) اس سہولت سے فوری طور پر مستفید ہوسکتے ہیں ۔معاہدے کے نتیجے میں بحران میں پھنسی پاکستانی معیشت پر دباؤ کم ہوگا اور پاکستان کو توانائی کی ضرورت پوری کرنے میں مدد ملے گی۔
یہ بھی پڑھیے
ایکسپریس ٹریبیون کی بے بنیاد خبر، اسٹاک مارکیٹ اور روپے کو لے ڈوبی
واضح رہے گزشتہ روز ایشیائی ترقیاتی بینک وسطی اور مغربی ایشیا کے ڈائریکٹر جنرل یوجینیو زوکوف نے وزیرخزانہ شوکت ترین سے ملاقات میں بتایا تھاکہ اے ڈی بی آئندہ ماہ کے پہلے ہفتے میں پاکستان کے سماجی تحفظ کے پروگرام کے لیے 600 ملین ڈالر کی منظوری دے گا۔