آر ایل این جی کی قیمت میں کمی،سریے کے نرخ آسمان پر جاپہنچے
آر ایل این جی کی تقسیم کی قیمت میں 3.05ڈالر تک کمی، سریا 2ہزار روپے اضافے سے ایک لاکھ 97ہزار روپے فی ٹن ہوگیا

ملک میں آر ایل این جی قیمت میں کمی دیکھنے میں آئی ہے جبکہ سریے کے نرخ آسمان پر جاپہنچے ہیں۔
دسمبر کے مہینے میں ایس این جی پی ایل اور ایس ایس جی سی کیلیے آر ایل این جی کی تقسیم کی قیمت میں 3ڈالر فی ایم ایم بی ٹی یوتک کمی دیکھنے میں آئی ہے۔دوسری جانب سریے کی قیمت میں 2ہزار روپے فی ٹن اضافہ ہوگیا۔
یہ بھی پڑھیے
ایف بی آر کا سی این جی اور اسٹیل مصنوعات پر سیلز ٹیکس کا نوٹیفکیشن
پاکستان کی تاریخ میں ایل این جی کا سب سے مہنگا سودا
مارکیٹ کے اعداد وشمار کے مطابق سوئی ناردرن گیس پرائیویٹ لمیٹڈ کے لیے آر ایل این جی کی فی ایم ایم بی ٹی یو قیمت 3.05ڈالر کمی کے بعد 12.62ڈالر تک آگئی ہے۔ سوئی سدرن گیس کمپنی کے لیے آر ایل این جی کی فی ایم ایم بی ٹویوقیمت 3.04ڈالر کمی کے بعد 12.37ڈالر ہوگئی ہے۔
دوسری جانب ملک میں سریے کی قیمت آسمان باتیں کررہی ہے۔ 2 ہزار روپے اضافے سے سریے کی فی ٹن قیمت ایک لاکھ 97 ہزار روپے تک جاپہنچی ہے۔ اعداد وشمار کے مطابق رواں مالی سال کی ابتدا سے اب تک سریے کی قیمت میں 45 ہزار 500روپے فی ٹن اضافہ ہوچکا ہے۔یکم جولائی سے اب تک سریے کی قیمتیں 30فیصد بڑھی ہیں۔
دریں اثنا عالمی مارکیٹ میں اسکریپ پرائس 3 فیصد اضافے سے 480 ڈالر فی ٹن ہوگئی ہے۔ رواں مالی سال کے آغاز سے اب تک عالمی سطح پر اسکریپ کی قیمتوں میں 6 فیصد کمی آئی ہے۔ رواں سال جولائی میں اسکریپ کی عالمی قیمت 510ڈالر فی ٹن تھی۔
یادرہے رواں سال یکم جولائی سے اب تک روپے کی قدر میں 12.5فیصد کمی آئی ہے جس کی وجہ سے عالمی مارکیٹ میں قیمتیں کم ہونے کے باوجود مقامی مارکیٹ میں لوہے کی قیمتیں آسمان سے باتیں کررہی ہیں۔