بھارت کی ہرناز سندھو کائنات کی خوبصورت ترین خاتون قرار

اسرائیل میں منعقدہ مقابلہ حسن میں چندی گڑھ سے تعلق رکھنے والی ماڈل و اداکارہ کو مس یونیورس کا ٹائٹل دیا گیا۔

مس یونیورس کا ٹائٹل 21 برس بعد پھر سے بھارت کی حسینہ نے جیت لیا ہے، چندی گڑھ میں پیدا ہونے والی ہرناز سندھو کو اسرائیل میں منعقدہ مقابلہ حسن کے 70 ویں ایڈیشن میں فاتح قرار دیا گیا ہے۔

دوسرے نمبر پر پیراگوئے سے تعلق رکھنے والی نادیہ فیریرا اور تیسرے نمبر پر جنوبی افریقہ کی لالیلا مسوانی رہیں۔

یہ بھی پڑھیے

اداکارہ سارہ خان 100 خوبصورت ترین خواتین کی فہرست میں شامل

ماہ نور بلوچ کی عید پر واپسی

ہرناز سے پہلے لارا دتہ نے مس یونیورس کا ٹائٹل سنہ 2000 میں جیتا تھا، ہرناز کے انسٹاگرام بائیو میں لکھا ہے کہ ایسے چمکیں جیسے ساری کائنات آپ کی ہو۔

ہرناز سندھو نے اس سے قبل مس دیوا یونیورس 2021 کا ٹائٹل جیتا تھا، انہوں نے کم عمری میں ماڈلنگ کا آغاز کیا تھا اور سنہ 2017 میں اپنا پہلا مقابلہ حسن جیت کر مس چندی گڑھ منتخب ہوئی تھیں۔

ہرناز کے بائیو کے مطابق انہیں اپنی والدہ کو دیکھ کر تحریک ملتی ہے جنہوں نے نسل در نسل چلنے والی پدرشاہی کو توڑا اور ایک کامیاب گائناکالوجسٹ بن کر خاندان کی سربراہی کی۔

ہرناز جو کہ پیشے کے لحاظ سے اداکار ہیں، ان کا کہنا ہے کہ وہ سنہ 2000 کی مس ورلڈ پریانکا چوپڑا اور ان کی فٹنس سے بہت متاثر ہیں۔

اپنے فارغ اوقات میں ہرناز دوستوں کے ساتھ وقت گزارتی ہیں، یوگا، رقص، کھانا پکانا، گھڑ سواری اور شطرنج کھیلتی ہیں۔

انہیں تیرنے کا شوق ہے اور جہاں سوئمنگ پول نظر آئے وہ پانی میں کود پڑتی ہیں، ہرناز کا کہنا ہے کہ جو لوگ کوشش کرتے ہیں، سیکھتے ہیں، جنہیں خود پر یقین ہوتا ہے اور جو شکرگزار رہتے ہیں ان کے ساتھ بہت اچھے معاملات ہوجاتے ہیں۔

متعلقہ تحاریر