کے پی حکومت نے بلدیاتی الیکشن میں شکست تسلیم کرلی،مہنگائی وجہ قرار
مہنگائی کی وجہ سے بلدیاتی انتخابات میں شکست ملی،شوکت یوسفزئی، مہنگائی کے علاوہ شکست کی کوئی وجہ نہیں، عاطف خان
کے پی حکومت نے بلدیاتی انتخابات میں شکست تسلیم کرلی ، صوبائی وزرا نے مہنگائی کو شکست کی وجہ قرار دے دیا۔
صوبائی وزیر شوکت یوسفزئی نے پشاور میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ مہنگائی کی وجہ سے بلدیاتی انتخابات میں شکست ملی ہے۔
یہ بھی پڑھیے
کے پی کے کے بلدیاتی انتخابات کا پہلا خونی مرحلہ مکمل ، 7 افراد کی جانیں گئیں
پشاور میں جے یو آئی کا کامیاب امیدوار اپنی ہی گولی کا شکار ہوگیا
صوبائی وزیر کا کہنا تھا کہ اپوزیشن نے ہم پر دھاندلی کے الزامات لگائے ، اگر دھاندلی کرتے تو کیا شکست کھاتے؟انکا مزید کہنا تھا کہ حکومت ہماری ہے اور ہم نے دھاندلی نہیں کی اس بات کو تو سراہا جائے۔
شوکت یوسف زئی نے کہا کہ ہار جیت ہوتی رہتی ہے ہمیں سب سے زیادہ مشکلات مہنگائی کی وجہ سے رہیں،عمران خا ن کو بھی مہنگائی کا احسا س ہے،کوشش کررہے ہیں دو تین ماہ میں مہنگائی کم کریں۔انہوں نے کہا کہ شکر ہے کہ کوئی کرپشن کا الزام ہماری حکومت پر نہیں لگا، ہم نے کسی قسم کی دھاندلی نہیں کی۔
اس سوال پر کہ کیا 2023 کے الیکشن میں بھی پی ٹی آئی کو شکست کا سامنا ہوگا؟شوکت یوسفزئی کا کہنا تھا کہ 2023تو بہت دور ہے ،امید ہے2،3مہینے میں مہنگائی نیچے آجائے گی۔
صوبائی وزیر عاطف خان نے بھی مہنگائی کو بلدیاتی الیکشن میں شکست کی وجہ قرار دیدیا۔بولے ہمیں پہلے بھی اندازہ تھا کہ لوگ مہنگائی کی وجہ سے کافی پریشان ہیں لیکن اب صورتحال مزید واضح ہوگئی ہے۔مہنگائی کے علاوہ شکست کی کوئی اور وجہ نہیں ہے جو کہ عالمی مسئلہ ہے۔انہوں نے کہا کہ مہنگائی میں آہستہ آہستہ کمی آرہی ہے۔









