ملک بھر میں کورونا منہ زور ، شکر کہ اموات کم ہیں
این سی او سی کے مطابق گذشتہ 24 گھنٹوں کے دوران 6 ہزار سے زائد کورونا کے کیسز رپورٹ ہوئے تاہم اسی عرصے کے دوران موذی مرض میں مبتلا 5 افراد موت کے منہ میں چلے گئے۔
کورونا وائرس کے نئے ویریئنٹ اومی کرون نے پورے ملک میں تیزی سے پنجے گاڑنا شروع کردیئے، وبائی مرض کے کیسز کی شرح 11.55 فیصد تجاوز کر گئی ہے جبکہ گذشتہ 24 گھنٹوں کے دوران موذی مرض میں مبتلا مزید 5 افراد زندگی کی بازی سے ہاتھ دھو بیٹھے ہیں جبکہ دوسری جانب کراچی میں کورونا وائرس کے مثبت کیسز کی شرح 41 فیصد سے زائد ہو گئی ہے۔
نیشنل کمانڈ اینڈ آپریشن سینٹر (این سی او سی) کی جانب سے جاری ہونے والے اعدادوشمار کے مطابق پاکستان میں گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران کووڈ 19 (COVID-19) کے 6,808 نئے کیسز درج ہوئے، جو کہ 2020 میں کورونا وائرس کی وبا شروع ہونے کے بعد سے سب سے زیادہ رپورٹ ہونے والے کیسز ہیں، رپورٹ ہونے والے زیادہ کیسز اومی کرون ویریئنٹ کے ہیں۔
یہ بھی پڑھیے
ملک میں بڑھتے کورونا کیسز، این سی او سی نے نئی پابندیاں لگانی شروع کردیں
مسلم لیگ (ن) کے صدر شہباز شریف کا کورونا ٹیسٹ مثبت آگیا
پاکستان میں آخری بار 13 جون 2020 کو یومیہ کی بنیاد پر 6 ہزار سے زائد کیسز رپورٹ ہو رہے تھے۔
این سی او سی کے مطابق، گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران ملک بھر میں کل 58,943 ٹیسٹ کیے گئے، جن میں سے 6808 مثبت آئے، جس سے ملک بھر میں کورونا وائرس سے متاثرہ افراد کی تعداد 13 لاکھ 45 ہزار 801 ہو گئی ہے۔
ملک بھر میں مثبت کیسز کی شرح بھی نو ماہ کی بلند ترین سطح پر پہنچ گئی ، اعدادوشمار کے مطابق گذشتہ 24 گھنٹوں کے دوران کورونا کیسز کی شرح 11.55 فیصد بتائی گئی ہے۔
دریں اثنا، اسی عرصے کے دوران پانچ مزید مریض اس وائرس سے ہلاک ہو گئے جس سے وائرس سے مرنے والوں کی مجموعی تعداد 29 ہزار 42 ہو گئی ہے۔ این سی او سی کے مطابق 918 مریضوں کی حالت انتہائی تشویشناک ہے۔
سرکاری اعداد و شمار کے مطابق ملک بھر میں فعال کیسز کی تعداد میں اضافہ ہورہا ہے اور گذشتہ 24 گھنٹوں کے دوران یہ تعداد 44 ہزار 717 سے بڑھ کر 51,094 ہو گئی ہے۔
صوبہ سندھ میں کورونا وائرس کے کیسز میں خطرناک حد تک اضافہ ہورہا ہے گذشتہ 24 گھنٹوں کے دوران دارالحکومت کراچی میں 3100 سے زائد نئے کورونا کیسز رپورٹ ہوئے ہیں۔
کورونا وائرس کی نئی لہر نے تیزی سے کراچی کو اپنی لپیٹ میں لینا شروع کردیا ہے، گذشتہ 24 گھنٹوں کے دوران ساحلی شہر میں کورونا کے 3 ہزار 149 نئے کیسز رپورٹ ہوئے ہیں۔
گزشتہ 24 گھنٹوں میں 7670 ٹیسٹ کیے جانے کے بعد شہر میں مثبت کیسز کی شرح 41 فیصد بتائی گئی، جو کہ ملک میں سب سے زیادہ ہے۔









