وزیراعظم کے ساتھ آرمی چیف اور ڈی جی آئی ایس آئی کی ملاقات
تینوں بڑوں کی ملاقات میں عمران خان کے 3 فروری کے متوقع دورہ چین پر اور خطے کی صورتحال پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔
وزیراعظم عمران خان کے ساتھ آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ اور ڈی جی آئی ایس آئی ندیم انجم آرائیں نے ملاقات کی ہے۔
وزیراعظم ہاؤس کی جانب سے جاری ہونے والے اعلامیے کے مطابق پرائم منسٹر ہاؤس میں ہونے والی ملاقات میں اعلیٰ فوجی اور سویلین قیادت نے شرکت کی۔
یہ بھی پڑھیے
بریگیڈیئر (ر) مصدق عباسی کو مشیر احتساب تعینات کرنے کا فیصلہ
پنجاب کی 79 تحصیلوں میں مرحلہ وار ریسکیو 1122 کا آغاز کردیا گیا
ملاقات میں وفاقی وزیر منصوبہ بندی اسد عمر ، وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی اور وفاقی وزیر اطلاعات فواد چوہدری سمیت دیگر رہنماؤں نے بھی شرکت کی۔
اعلیٰ سطح کی ملاقات میں وزیراعظم کے دورہ چین کے حوالے سے مشاورت کی گئی جبکہ سیکورٹی اور خطے کی صورتحال پر غور کیا گیا۔ پاک افغان بارڈر پر سیکورٹی کی صورتحال کا بھی جائزہ لیا گیا۔
واضح رہے کہ دفتر خارجہ (ایف او) نے جمعرات کو اعلامیے جاری کرتے ہوئے کہا تھا کہ وزیراعظم عمران خان 3 فروری کو چین کا دورہ کریں گے۔
جبکہ اپنی ہفتہ وار پریس بریفنگ میں دفتر خارجہ کے ترجمان عاصم افتخار احمد نے کہا تھا کہ وزیراعظم ، چینی صدر شی جن پنگ کی دعوت پر سرمائی اولمپکس میں شرکت کے لیے پڑوسی ملک کا دورہ کر رہے ہیں۔
دریں اثنا، دفتر خارجہ کے ترجمان نے پرماننٹ فائیو (P-5) ممالک کی جانب سے جوہری جنگ کی روک تھام اور ہتھیاروں کی دوڑ سے بچنے کے مشترکہ بیان کو مثبت پیش رفت قرار دیا۔ انہوں نے کہا کہ P-5 کا بیان جوہری تخفیف اسلحہ پر بامعنی پیش رفت کے لیے سازگار حفاظتی ماحول پیدا کرنے کی ضرورت کو بجا طور پر تسلیم کرتا ہے۔
افغانستان کی صورتحال پر تبصرہ کرتے ہوئے عاصم افتخار احمد کا کہنا تھا کہ پاکستان افغانستان کی صورتحال کا بہت باریک بینی سے جائزہ لے رہا ہے، انہوں نے مزید کہا کہ پاکستان کابل میں اقوام متحدہ کی طرف سے امداد کے اعلان کا خیرمقدم کرتا ہے۔
یاد رہے کہ اقوام متحدہ نے افغانستان کو بحرانی کیفیت سے نکالنے کے لیے 2022 میں 5 بلین ڈالر امداد کا اعلان کیا ہے۔
ترجمان اقوام متحدہ نے منگل کے روز اپنے بیان میں کہا تھا کہ اسے 2022 میں افغانستان کے لیے 5 بلین ڈالر کی امداد کی ضرورت ہے تاکہ ایک نئے انسانی المیے کو ہونے سے روکا جاسکے ۔









